پیٹرولیم لیوی ختم ہوگی یا نہیں؟ حکومت اور جماعت اسلامی وفود میں مذاکرات، بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات میں بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ فریقین نے جمعرات کو دوبارہ مذاکرات کے لیے بیٹھنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت منصوبہ بندی میں ہونے والے مذاکرات میں حکومتی وفد کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی۔ وفد میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی شامل تھے۔

جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، فراست شاہ اور نصراللہ رندھاوا شریک ہوئے۔

جماعت اسلامی کی تجاویز متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کریں گے، احسن اقبال

مذاکرات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ آج جماعت اسلامی نے ہمیں اپنی تجاویز دی ہیں، جنہیں متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں ڈیزل کی قیمت اوپر جارہی ہے، ہماری بھی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔ چھوٹی سے بھی بچت ممکن ہوئی تو اس کو بھی نظر انداز نہیں کریں گے۔

احسن اقبال نے کہاکہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جمعرات کو دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔

جماعت اسلامی کا عوام کو ریلیف دینے پر زور

اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بات کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ لیوی کے نام پر عوام سے بجٹ ٹارگٹ سے زیادہ پیسہ لیا گیا۔ حکومتی ٹیم کے سامنے تمام چیزیں وضاحت کے ساتھ رکھی ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کے دھرنے، احتجاج اور جلسے جاری ہیں، جبکہ حکومتی کمیٹی کا مطالبہ تھا کہ احتجاج اور دھرنے موخر کر دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل جاری ہے اور جمعرات کو دوبارہ حکومت کے ساتھ بیٹھیں گے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کررہی ہے، جس کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp