پاک بحریہ نے 8 ستمبر کو نیوی ڈے منایا، اس موقع پر 1965 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے بحری جنگجوؤں کی بہادری کو یاد کیا گیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں آنے والی نسلوں کی جانب سے جاری رکھی گئی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کی لازوال میراث کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہاکہ تاریخی آپریشن سوم نات نے ثابت کیاکہ عزم و حوصلے سے سرشار ایک پُرعزم بحری قوت کم تعداد کے باوجود فیصلہ کن اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آپریشن سوم نات کے دوران قائم ہونے والی جرات اور عزم کی میراث آج بھی برقرار ہے، جس کا ایک بار پھر مظاہرہ معرکۂ حق کے دوران بھارتی بحریہ کے خلاف پاکستان نیوی کی کامیاب صلاحیت میں ہوا۔
نیوی ڈے کا آغاز قرآن خوانی اور شہدا کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کی قربانیوں اور عزم و استقامت کو سراہا۔
اس کے بعد 8 ستمبر کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں نیوی ڈے کی تقریبات منعقد کی گئیں۔














