بہاولپور ضمنی انتخاب: ن لیگ و پیپلز پارٹی اتحاد کے مقابل آزاد امیدوار، کس کا پلڑا بھاری؟

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق حلقے میں پولنگ اتوار 27 ستمبر کو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بہاولپور کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی بھرپور سپورٹ، شیر کے لیے ووٹ بھی مانگیں گے، رہنما پیپلز پارٹی علی حیدر گیلانی

این اے 168 میں بہاولپور شہر صدر تحصیل کے بعض علاقے اور کینٹونمنٹ شامل ہیں۔ سنہ 2024 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک محمد اقبال چنڑ نے ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔

مسلم لیگ ن نے اس نشست پر مرحوم ملک اقبال چنڑ کے بڑے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے۔ ملک منیر اقبال چنڑ بہاولپور میونسپل کارپوریشن کے سابق ڈپٹی میئر رہ چکے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی ملک ظہیر اقبال چنڑ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ہیں۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ یہ نشست خاندان اور جماعت کی ہے اور عوام سال 2024 کے عام انتخابات میں پہلے ہی اپنا فیصلہ دے چکے ہیں۔

دوسری طرف سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی چوہدری طارق بشیر چیمہ نے اپنے بیٹے چوہدری ولی داد چیمہ کو آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا ہے۔ طارق بشیر چیمہ خود یزمان تحصیل سے این اے 165 کے ایم این اے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ 18 سال بعد بہاولپور شہر کی سیاست میں واپس آ رہے ہیں۔

چیمہ گروپ کی انتخابی مہم کا مرکزی نعرہ بہاولپور صوبے کی بحالی، نوجوان قیادت کو آگے لانا اور اس مؤقف پر مبنی ہے کہ بڑی سیاسی جماعتیں صوبے کے نام پر ووٹ مانگتی ہیں مگر اقتدار میں آنے کے بعد اپنے وعدے پورے نہیں کرتیں۔ طارق بشیر چیمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دو بار ضلع ناظم رہ چکے ہیں، صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور بہاولپور شہر سے الیکشن بھی جیت چکے ہیں اسی لیے ان کے دور میں کیے گئے ترقیاتی کام آج بھی عوام کے کام آ رہے ہیں۔

اس ضمنی انتخاب کی ایک اہم بات یہ ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی حمایت کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لے کر باقاعدہ اعلان کیا کہ وہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کی حمایت کرے گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یہ فیصلہ اتحادی سیاست اور جذبہ خیر سگالی کے تحت کیا ہے۔ انہوں نے حلقے کے جیالوں کو ہدایت کی کہ پارٹی فیصلے کی روشنی میں شیر کے نشان کو تیر کا نشان سمجھ کر ووٹ دیں۔ علی حیدر گیلانی نے یہ بھی کہا کہ وہ خود بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے اور شیر کے لیے ووٹ بھی مانگیں گے۔

اس فیصلے کے بعد حلقے میں مقابلہ عملاً مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان رہ گیا ہے۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔

مزید پڑھیے: پیپلز پارٹی کا این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں امیدوار نہ لانے کا فیصلہ

چنڑ گروپ اور چیمہ گروپ کے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ

این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں چنڑ گروپ اور چیمہ گروپ ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں۔

چیمہ گروپ کا مؤقف ہے کہ بڑی سیاسی جماعتیں اور چنڑ خاندان بہاولپور صوبے کی بحالی کا نعرہ صرف ووٹ لینے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور اقتدار میں آنے کے بعد اپنے وعدے پورے نہیں کرتے۔ ان کا الزام ہے کہ شہر کی سیاست پر خاندانی اجارہ داری قائم رکھی گئی ہے اور عام آدمی کے مسائل کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ چیمہ گروپ کے مطابق ولی داد چیمہ نئی نسل اور بہاولپور صوبے کے ایجنڈے کے نمائندے کے طور پر میدان میں ہیں۔

اس کے مقابلے میں چنڑ گروپ اور مسلم لیگ ن کے حامی حلقے چیمہ گروپ پر الزام عائد کر رہے ہیں کہ طارق بشیر چیمہ خود یزمان سے قومی اسمبلی کی نشست پر بیٹھے ہوئے ہیں مگر شہر کی خالی نشست پر اثرانداز ہو کر اتحاد کی سیاست کو توڑنے اور مرحوم ملک اقبال چنڑ کے ووٹ بینک پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی حمایت کے بعد چنڑ امیدوار کو مشترکہ امیدوار قرار دیتے ہوئے چیمہ گروپ کو حلقے سے باہر کا مداخلت کار بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ دونوں جانب سے صوبے، خاندانی سیاست اور مقامی مفادات کے نام پر الزامات کی بوچھاڑ جاری ہے اور انتخابی مہم اسی تلخ سیاسی فضا میں آگے بڑھ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی بہاولپور آمد، ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت

این اے 168 کا یہ ضمنی انتخاب نہ صرف ایک خالی نشست کے فیصلے کا معاملہ ہے بلکہ بہاولپور شہر میں چنڑ خاندان اور چیمہ گروپ کی سیاسی طاقت کے امتحان کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اتحاد کی قوت کا امتحان بھی بن گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp