وزیراعظم آزاد کشمیر کے وژن اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب کی طرز پر آزاد کشمیر میں صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے ’ستھرا کشمیر پروگرام‘ کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی خدمات کو ہر ضلع کی سطح پر نجی شعبے کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں نجی کمپنیوں اور دیگر متعلقہ فریقین کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ایک ہفتے کے اندر اشتہارات جاری کیے جائیں گے۔ حکومت کے ادارے اس پورے نظام میں ریگولیٹر کا کردار ادا کریں گے جبکہ صفائی کی عملی خدمات نجی شعبے کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرز پر تیز رفتار ترقیاتی عمل آگے بڑھائیں گے، وزیراعظم افتخار گیلانی
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ
ستھرا کشمیر پروگرام سے متعلق اہم فیصلے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ، میئرز، چیئرمینز، چیف آفیسرز، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات کے مطابق حکومتی ادارے ریگولیٹر کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ صفائی سمیت مختلف سروسز کی فراہمی کے لیے نجی کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر بھر میں صفائی کے عملے اور استعمال ہونے والی مشینری کے لیے یکساں یونیفارم اور معیار مقرر کیا جائے گا۔ جن علاقوں میں مشینری، گاڑیوں یا اضافی افرادی قوت کی ضرورت ہوگی، معاہدے کے بعد نجی پارٹیز یہ سہولیات فراہم کریں گی۔
100 روزہ پلان میں صفائی اور شہری خوبصورتی بھی شامل
ارشاد احمد قریشی نے کہا کہ حکومت کے 100 روزہ پلان میں ستھرا کشمیر پروگرام، گرین ایریاز کا قیام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے نئی آپریشنل گاڑیوں کی خریداری، ماڈل ویلجز کا قیام اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے مختلف اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اور منتخب بلدیاتی نمائندگان کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایات کے تحت پورے آزاد کشمیر میں سالڈ ویسٹ جمع کرنے اور اسے مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے کے لیے ایک جامع اور تفصیلی منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔
دیہی علاقوں سے بھی گھروں کا کوڑا جمع کیا جائے گا
ان کا کہنا تھا کہ صفائی کا دائرہ صرف شہری علاقوں تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ دیہی سطح پر بھی اس پروگرام کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے منتخب بلدیاتی نمائندگان، نوجوانوں اور خواتین کونسلرز کے تعاون سے گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کا نظام وضع کیا جائے گا۔
میئر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد، کوٹلی، حویلی اور سدھنوتی نے ’ستھرا کشمیر پروگرام‘ کو نئی حکومت کا ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام میونسپل کارپوریشنز سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں نجی سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دیہی علاقوں کو پروگرام میں شامل کرنے پر زور
چیئرمین ضلع کونسل باغ اور نیلم ویلی نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ ستھرا کشمیر پروگرام میں دیہی علاقوں کو شامل کرنا نہایت اہم ہے، کیونکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اب صرف شہروں کا مسئلہ نہیں رہا بلکہ دیہی علاقوں میں بھی یہ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صفائی کی اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے منتخب کونسلرز، بالخصوص وارڈ کونسلرز، یوتھ کونسلرز اور خواتین کونسلرز کو بھی فعال طور پر شامل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر کی 8 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، کون کون شامل؟
ویسٹ مینجمنٹ اور ماڈل ویلجز پر بریفنگ
اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی طاہر اشرف اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اشفاق احمد نور نے شرکاء کو ویسٹ مینجمنٹ اور ماڈل ویلجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر بابر منہاس نے آزاد کشمیر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی موجودہ صورتحال، کچرے کے قدرتی ماحول پر مرتب ہونے والے منفی اثرات، ’ستھرا پنجاب پروگرام‘ کے ماڈل سمیت جنوبی ایشیا میں ویسٹ مینجمنٹ اور نجی شعبے کی شمولیت کے مختلف ماڈلز پر بھی شرکا کو بریف کیا۔
اجلاس کے اختتام پر تمام چیف آفیسران نے لوکل کونسلوں کی ادارہ جاتی استعدادِ کار سے متعلق گروپ ورک میں بھی حصہ لیا۔














