ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین کو جنگ میں لانا بلوچ روایات کے خلاف ہے، مگر بی ایل اے اور بی وائی سی نے تمام حدود پار کردیں، جمال رئیسانی
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی تھے جنہوں نے اپنے خصوصی فنڈ سے کوئٹہ بالخصوص حلقہ این اے 264 سریاب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں میں مختلف کھیلوں کا سامان اور کٹس تقسیم کیں۔
تقریب میں فٹ بال، کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، باکسنگ اور کراٹے سمیت مختلف کھیلوں سے وابستہ مرد و خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلاڑیوں میں کھیلوں کا سامان حاصل کرنے پر بھرپور جوش و خروش دیکھا گیا۔
تقریب میں سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان درا بلوچ، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں میر فرید خان رئیسانی، شہزادہ خان کاکڑ، اسپورٹس ونگ کے صدر حاجی میر ریاض احمد شاہوانی، ہادی عسکری ہزارہ سمیت کھیلوں سے وابستہ شخصیات، کوچز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
مزید پڑھیے: ہم یوم آزادی اپنے شہدا اور غازیوں کو سراہنے کے لیے مناتے ہیں، کم عمر ترین رکن قومی اسمبلی جمال رئیسانی
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے نوجوان بے پناہ ٹیلنٹ کے مالک ہیں انہیں صرف مناسب سہولیات، تربیت اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ این اے 264 سریاب سمیت کوئٹہ کے نوجوانوں کی سرپرستی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نوابزادہ جمال رئیسانی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کر کے نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے بلکہ انہیں منفی سرگرمیوں سے بھی دور رکھا جا سکتا ہے۔ بلوچستان کے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے صوبے اور ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کی شرکت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو کھیلوں سمیت ہر مثبت میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے جس کے لیے حکومت، اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا اور کوئٹہ خصوصاً سریاب کے نوجوانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان کے نگراں وزیر نوابزادہ جمال رئیسانی کا کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار
تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں میں کھیلوں کا سامان اور کٹس تقسیم کی گئیں۔ کھلاڑیوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ جمال رئیسانی کی یہ کاوش نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ہے اور اس سے کوئٹہ میں کھیلوں کو فروغ ملے گا۔














