فیری حادثہ: فلپائن میں مزید 41 لاشیں برآمد، مجموعی ہلاکتیں 76 ہوگئیں

اتوار 13 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کورون: فلپائن میں حکام نے کہا ہے کہ فیری میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 76 افراد کی شناخت میں کئی ہفتے یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

فرانزک ماہرین نے جل کر تباہ ہونے والی لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے جمع کرکے ان کا تقابلی جائزہ لینا شروع کردیا ہے، جبکہ تفتیش کار آتشزدگی کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فلپائن نیشنل پولیس کے فرانزک ماہر رچرڈ ایلن منگالیپ کے مطابق بعض انسانی باقیات جہاز کے مختلف حصوں میں ایک جگہ جمع ملی ہیں، جبکہ دیگر باقیات مختلف مقامات پر بکھری ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: فلپائن: فیری میں خوفناک آتشزدگی، 5 افراد ہلاک، 87 لاپتا

فیری میں 130 سے زائد افراد سوار تھے اور یہ اپنی منزل کے قریب پہنچنے والی تھی جب اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

فیری دارالحکومت منیلا سے جنوب مغرب میں واقع صوبہ پالاون کے شہر کورون جارہی تھی، جس کا سفر عام طور پر تقریباً 20 گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے۔

منگالیپ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ زیادہ تر باقیات بری طرح جل چکی ہیں، اس لیے شناخت کے عمل کے لیے حتمی مدت بتانا ممکن نہیں۔

ان کے مطابق نمونوں کی بڑی تعداد کے باعث شناخت میں کئی ہفتے یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

ایک روز قبل امدادی کارکنوں نے فیری سے مزید 41 لاشیں اور انسانی باقیات نکالی تھیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 76 ہوگئی، جبکہ 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

حکام کے مطابق جہاز کے زیرِ آب حصوں کی مکمل تلاشی ابھی باقی ہے، اس لیے مزید لاشیں ملنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: ڈیلٹا ایئر لائنز کے طیارے کو شدید طوفانی جھکڑ کا سامنا، 25 مسافر زخمی، ہنگامی لینڈنگ

آگ بجھانے کے ایک دن سے زائد وقت بعد جمعے کو فائر فائٹرز پہلی بار جہاز کے اندر داخل ہوئے۔

کوسٹ گارڈ کی جاری کردہ تصاویر میں شدید تباہی دیکھی جاسکتی ہے، جہاں لوہے کے بیڈوں کے فریم شدید گرمی سے مڑے ہوئے اور راکھ سے ڈھکے نظر آئے۔

تفتیش کاروں کے مطابق ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آگ کہاں سے شروع ہوئی۔ جہاز کے نچلے زیرِ آب ڈیک اور انجن روم تک رسائی بھی جاری ہے، جہاں سے آتشزدگی کی وجہ جاننے میں مدد مل سکتی ہے۔

میری ٹائم انڈسٹری اتھارٹی کے مطابق بعض زندہ بچ جانے والوں نے آگ لگنے سے قبل جہاز کے اندر 2 دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔

جہاز کی مالک کمپنی اتیانزا انٹرآئی لینڈ فیریز نے تحقیقات میں مکمل تعاون اور متاثرہ خاندانوں کی مدد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

فلپائن میں یہ واقعہ حالیہ برسوں کے مہلک ترین بحری حادثات میں شامل ہے، 7,600 سے زائد جزائر پر مشتمل اس ملک میں لاکھوں افراد سفر کے لیے فیری سمیت اور چھوٹی کشتیوں پر انحصار کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp