معروف کینیڈین گلوکارہ سیلین ڈیون نے صحت کے سنگین مسائل کے باعث 6 سالہ وقفے کے بعد ہفتے کے روز ایک بار پھر اسٹیج سنبھال لیا، جہاں انہوں نے پیرس میں اپنے پہلے کنسرٹ کے دوران مداحوں کو مسحور کردیا۔
پیرس کے مضافاتی علاقے نانتیرے میں پرفارمنس کے دوران سیلین ڈیون نے مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس شہر میں دوبارہ اسٹیج پر کھڑی ہیں جس سے انہیں بے حد محبت ہے اور یہ سب مداحوں کی محبت اور حمایت کی بدولت ممکن ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: نایاب اعصابی بیماری سے جنگ، سیلین ڈیون کی موسیقی کی دنیا میں واپسی
‘یہ سفر مشکل تھا، راستہ توقع سے کہیں زیادہ طویل ہوگیا، لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔’
سیلین ڈیون نے 2022 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں اسٹیف پرسن سنڈروم نامی ایک نایاب اعصابی بیماری لاحق ہے۔
Celine Dion belts out “My Heart Will Go On” as she returns to the stage for her first concert in 6 years pic.twitter.com/VVBMBPhZ40
— Variety (@Variety) September 12, 2026
اس بیماری کے باعث پٹھوں میں شدید کھچاؤ اور اکڑاؤ پیدا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ طویل عرصے تک اسٹیج پر پرفارم کرنے سے قاصر رہیں۔
اپنی واپسی کے موقع پر گلوکارہ کئی مرتبہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور افتتاحی گیت کے دوران آبدیدہ ہوگئیں۔
ایک موقع پر انہوں نے مائیکروفون مداحوں کی جانب بڑھا دیا تاکہ وہ گیت کے ایک حصے کو ان کے ساتھ گا سکیں۔
مزید پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ کی دولت 2 ارب ڈالر سے تجاوز، عالمی میوزک انڈسٹری میں نیا ریکارڈ
‘میں نے وعدہ کیا تھا کہ میں نہیں روؤں گی، لیکن یہ خوشی کے آنسو ہیں۔’ انہوں نے زیادہ تر گفتگو فرانسیسی زبان میں کی۔
پرفارمنس کے دوران اسٹیج کی سجاوٹ نسبتاً سادہ رکھی گئی تھی جبکہ سیلین ڈیون نے زیادہ تر سیاہ رنگ کے ملبوسات زیب تن کیے، جس سے مداحوں کی توجہ ان کے جذبات اور پرفارمنس پر مرکوز رہی۔
کنسرٹ کے بعد برطانوی مداح کیتھرین رش فورتھ نے کہا کہ سیلین ڈیون نے اپنی بیماری اور مشکلات کو چھپانے کے بجائے مداحوں کے ساتھ کھل کر بانٹا، جو ان کے لیے خاص بات تھی۔

سیلین ڈیون نے اپنی معروف اسٹیج پرفارمنس کا روایتی انداز بھی برقرار رکھا۔ انہوں نے چہرے کے تاثرات، ایئر گٹار اور اپنی بھرپور آواز کے ساتھ کئی مقبول گیت پیش کیے۔
جن میں فلم ٹائٹینک کے لیے گایا ان کا لازوال گیت ’مائی ہارٹ وِل گو آن‘ اور ’آل بائی مائی سیلف‘ بھی شامل تھے۔
یہی گیت انہیں دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ریکارڈنگ آرٹسٹس میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: کاسمیٹک سرجری کے دوران 27 سالہ معروف انفلوئنسر اولیویا اوراس انتقال کر گئیں
انہوں نے کنسرٹ کا آغاز اپنے مقبول فرانسیسی گیت سے کیا، جس کا مفہوم ہے ’ہم نہیں بدلتے۔‘ اس گیت کو ان کی طویل غیر حاضری کے تناظر میں ایک علامتی انتخاب بھی قرار دیا جارہا ہے۔
سیلین ڈیون پیرس میں مجموعی طور پر 16 کنسرٹس پر مشتمل سیریز کر رہی ہیں، جبکہ 2027 میں مزید 10 پرفارمنسز بھی شیڈول ہیں۔
ان کی واپسی نے فرانسیسی دارالحکومت میں مداحوں میں غیر معمولی جوش پیدا کردیا ہے۔
ان کے ہوٹل کے باہر بھی مداح رات گئے تک جمع رہتے ہیں تاکہ اپنی پسندیدہ گلوکارہ کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔














