آئی فون کی نئی لانچنگ کے 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد جعلی ویب سائٹس نمودار

اتوار 13 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایپل کے کسی نئے آئی فون لانچ کے محض 24 گھنٹوں کے اندر 200 سے زائد جعلی ویب سائٹس سامنے آ سکتی ہیں اور اس سال کے فولڈ ایبل آئی فون کی متعارف کروائے جانے نے دھوکہ بازوں کو اب تک کا سب سے بڑا ہدف فراہم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دوران سفر متلی کی شکایت: ازالے کے لیے آئی فون کی ایک خفیہ سیٹنگ استعمال کرکے دیکھیں

ڈومین رجسٹریشنز پر نظر رکھنے والے سیکیورٹی محققین نے بتایا کہ جیسے ہی ایپل نے اس ہفتے آئی فون ڈوو اور 2 نئے آئی فون 18 پرو ماڈلز متعارف کروائے ایک جانی پہچانی اچانک اضافے کی صورتحال دوبارہ سامنے آ گئی۔

’ہو از ایکس ایم ایل اے پی آئی‘ کے مطابق محقق الیگزینڈر فرانسوا نے بتایا کہ عام طور پر نئے آئی فون ماڈلز کا حوالہ دینے والے ڈومین ناموں کی رجسٹریشن یومیہ صفر یا محض ایک تک محدود رہتی ہے تاہم کی نوٹ کے دن اچانک یہ تعداد چند گھنٹوں کے اندر 200 سے تجاوز کر گئی۔

دھوکہ باز پریس کانفرنس سے پہلے ’ایپل‘ اور ’آئی فون 18‘ جیسی اصطلاحات استعمال کرتے ہوئے ویب پیجز بنا لیتے ہیں اور بعد ازاں جب ایپل نئے آئی فون کی تکنیکی تفصیلات جاری کرتا ہے تو وہ انہیں مکمل آن لائن دکانوں کی شکل دے دیتے ہیں۔ فرانسوا کے مطابق تکنیکی تفصیلات شامل کرنے سے ان جعلی ویب سائٹس کی ساکھ فوری طور پر بڑھ جاتی ہے۔

مزید پڑھیے: آئی فون پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے بڑی خبر، اہم الرٹ جاری ہوگیا

فرانسوا کی جانب سے دریافت کی گئی ویب سائٹ پر پہلے ہی آئی فون پرو میکس کی ایک لسٹنگ موجود تھی جو 3 رنگوں میں اور پورا دن چلنے والی بیٹری کے دعوے کے ساتھ پیش کی جا رہی تھی۔

اصل آئی فون 18 پرو کی قیمت 1,199 پاؤنڈ سے شروع ہوتی ہے جبکہ پرو میکس کی قیمت 1,299 پاؤنڈ ہے۔ اس لیے اگر کوئی ویب سائٹ ان قیمتوں سے واضح طور پر کم قیمت پر یہ فونز پیش کر رہی ہے تو اسے شک کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔

جعلی ویب سائٹس اکثر جلد فیصلہ کرنے پر مجبور کرنے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن ڈیڈلائنز شامل کرتی ہیں اور کئی سائٹس خاص طور پر بینک ٹرانسفر یا کرپٹو کرنسی کے ذریعے ادائیگی پر اصرار کرتی ہیں کیونکہ ان طریقوں میں کریڈٹ کارڈ کی ادائیگیوں کے ساتھ ملنے والا دھوکہ دہی کا تحفظ شامل نہیں ہوتا۔

اس کے علاوہ ایک آسان طریقہ بھی موجود ہے جانچنے کا فی الحال صرف آئی فون ڈوو اور 18 پرو کے ماڈلز ہی دستیاب ہیں۔ اگر کوئی ویب سائٹ معیاری آئی فون 18 فروخت کر رہی ہے یا اس کی خریداری کے لیے ڈپازٹ وصول کر رہی ہے تو وہ یقینی طور پر ایک دھوکہ باز ویب سائٹ ہے۔

ایپل کبھی بھی کوئی لاٹری منعقد نہیں کرتا اور نہ ہی ایسی مصنوعات کے لیے ٹیسٹرز بھرتی کرتا ہے جو ابھی موجود ہی نہیں جیسا کہ یہ جعلی ویب سائٹس دعویٰ کرتی ہیں۔

اگرچہ متعدد سیکیورٹی انجنز کی جانب سے کئی جعلی ویب سائٹس کو خطرناک قرار دیا جا چکا ہے تاہم ان میں سے کوئی بھی براؤزر کی ان بلیک لسٹس میں شامل نہیں جو خودکار طور پر مذموم ویب صفحات کو بلاک کر سکتی ہیں۔

دراصل دھوکے بازوں کا یہ عمل 2 مراحل پر مشتمل ہوتا ہے۔ چونکہ ایپل اپنے لانچ ایونٹ کی تاریخ پہلے سے اعلان کر دیتا ہے اس لیے یہ جعلساز پریس کانفرنس سے پہلے ہی ایپل اور آئی فون جیسے عمومی الفاظ پر مشتمل بنیادی ڈومینز اور ویب پیجز تیار کر کے رکھ لیتے ہیں۔ اس مرحلے پر یہ ویب سائٹس مکمل یا قائل کرنے والی نہیں ہوتیں بلکہ محض ایک بنیادی ڈھانچے کی صورت میں تیار رکھی جاتی ہیں تاکہ وقت آنے پر فوری طور پر استعمال کی جا سکیں۔

مزید پڑھیں: آئی فون 17 پرو میکس سے لی گئی پہلی تصویر جاری

جیسے ہی ایپل باضابطہ طور پر نئے آئی فون کی تفصیلی خصوصیات، قیمتیں اور تصاویر جاری کرتا ہے یہ نوسرباز فوری طور پر یہی معلومات اپنی پہلے سے موجود ویب سائٹس میں شامل کر کے انہیں مکمل اور پیشہ ورانہ نظر آنے والی جعلی آن لائن دکانوں میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ محض چند گھنٹوں کے اندر 200 سے زائد جعلی ویب سائٹس مکمل شکل میں سامنے آ جاتی ہیں کیونکہ ان کی بنیاد پہلے سے تیار تھی صرف اصل تفصیلات شامل ہونے کی دیر تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp