عمران خان کی اسپتال منتقلی کیس: سپریم کورٹ کا اٹارنی جنرل کو فوری پیش ہونے کا حکم

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے کیس میں اٹارنی جنرل کو فوری طلب کرلیا۔ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے کیس کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کر رہا ہے۔

سماعت کے آغاز پر جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ فریقین کی جانب سے کمرۂ عدالت میں کوئی موجود ہے؟ عدالتی عملے نے بتایا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد کی حاضری لگی ہوئی ہے، تاہم وہ اس وقت عدالت میں موجود نہیں۔

جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ اٹارنی جنرل آ جائیں، پھر سب کو سنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:آئینی عدالت کا عمران خان کی اسپتال منتقلی کیس سے جڑے تمام مقدمات کی سماعت کا فیصلہ

بعد ازاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ وفاقی آئینی عدالت نے گزشتہ روز حکم نامہ جاری کیا ہے اور اس مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وفاقی آئینی عدالت کا حکم نامہ ججز کو پڑھ کر سنایا۔

جسٹس شاہد وحید نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ کیا اٹارنی جنرل آفس میں موجود ہیں؟

رانا اسد نے جواب دیا کہ جی، اٹارنی جنرل آفس میں موجود ہیں۔

اس پر عدالت نے اٹارنی جنرل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp