وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے نائب وزیر پبلک سکیورٹی گاو چی نے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشتگردی اور انسداد منشیات سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور جدید ٹیکنالوجی و آلات کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ چین نے پاکستان میں جدید طرز کے لا انفورسمنٹ سینٹر کے قیام میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار کی چین میں پاکستانی سفیر کو پاک چین تعاون میں مزید وسعت دینے کی ہدایت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ لا انفورسمنٹ سینٹر پاک چین دوستی کی ایک اور روشن علامت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چینی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی اور جدید آلات سے بہت مدد مل سکتی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان داخلی سلامتی سے متعلق تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں چین کے ساتھ اشتراک کو مزید بڑھایا جائے گا۔
ملاقات کے دوران چینی نائب وزیر پبلک سیکیورٹی گاو چی نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور عزم کو سراہا۔
ملاقات میں پولیس ٹریننگ کے شعبے میں تبادلے، جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے استعمال سمیت انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔













