سرمد کھوسٹ کی فلم ’لالی‘ نے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ جیت لیا

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے اپنی نئی فلم ’لالی‘ کے لیے 15ویں ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرمد کھوسٹ کی فلم ’لالی‘ ، پاکستان کی پہلی مکمل فیچر فلم نے عالمی سینما میں دھوم مچا دی

فیسٹیول کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے منگل کو سرمد کھوسٹ کی کامیابی کا اعلان کیا، جسے ہدایت کار نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے شیئر کیا۔

سرمد کھوسٹ نے ایوارڈ ملنے پر اپنی فلم ’لالی‘ کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے فیسٹیول کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ سرمد کھوسٹ نے ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ حاصل کیا ہو۔ اس سے قبل ان کی 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کملی‘ کے لیے بھی انہیں یہی اعزاز دیا گیا تھا۔

View this post on Instagram

A post shared by DCSAFF (@dcsaff)

سرمد کھوسٹ نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹیلی وژن سے کیا اور ڈراما ’ہم سفر‘ کی ہدایت کاری سے نمایاں شناخت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور مشکل موضوعات کو جذباتی انداز میں پیش کرنے کے باعث توجہ حاصل کی۔

2019 میں ان کی فلم ’زندگی تماشا‘ نے بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کم جی سیوک ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ فلم کو 93ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے لیے پاکستان کی جانب سے بھی پیش کیا گیا، جبکہ 2021 میں ایشین ورلڈ فلم فیسٹیول میں بہترین فلم کا سنو لیپرڈ ایوارڈ بھی جیتا۔

یہ بھی پڑھیں: ’اپنی مبارکباد واپس لے لیں، میرا نام ستارہ امتیاز کی لسٹ سے غائب ہے‘ سرمد کھوسٹ

سرمد کھوسٹ کی فلم ’لالی‘ نے رواں سال فروری میں برلن فلم فیسٹیول میں نمائش کے ذریعے بھی تاریخ رقم کی، جہاں یہ مکمل طور پر پاکستان میں تیار ہونے والی پہلی فیچر فلم بنی جسے برلن فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا۔ رواں ماہ فلم کو برطانیہ کے 70ویں بی ایف آئی لندن فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے بھی منتخب کیا گیا۔

سرمد کھوسٹ اور سندس ہاشمی کی مشترکہ تحریر کردہ ’لالی‘ کی کہانی زیبا نامی نوجوان لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جسے اس کے 3 سابق رشتوں کے پراسرار طور پر ختم ہونے کے بعد ’منحوس دلہن‘ قرار دیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp