پشاور : کنزیومر کورٹ کا برانڈ لوگو والے بیگ کے 30 روپے وصول کرنے پر معروف برانڈ کو 50 ہزار روپے جرمانہ

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور کی مقامی کنزیومر کورٹ نے پاکستان کے معروف کلاتھنگ برانڈ کو برانڈ لوگو والے کیرینگ بیگ کے اضافی پیسے وصول کرنے پر مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔

پشاور کی کنزیومر کورٹ میں شفق عامر نامی خاتون نے دسمبر 2025 میں ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ کھاڈی کی پشاور برانچ سے انہوں نے 7 ہزار روپے کی خریداری کی تھی اور اس کے باوجود ان سے کیرینگ بیگ کے اضافی پیسے لیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کھاڈی کے لوگو والے کیرینگ بیگ کے 30 روپے لیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دھوکا کھانے والے صارفین کے لیے کنزیومرکورٹ سے بڑی خوشخبری

انہوں نے موقف اپنایا کہ کیرینگ بیگ پر برانڈ کا لوگو موجود ہے، جو ایک طرح سے کمپنی کا اشتہار بھی ہے، اس لیے اضافی چارجز لینا ناانصافی ہے۔

کنزیومر کورٹ کے جج نصر اللہ خان گنڈاپور نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران دونوں جانب کے وکلا نے دلائل دیے۔ کھاڈی کے وکیل نے اعتراف کیا کہ اضافی چارجز لیے گئے ہیں، تاہم کہا کہ کیرینگ بیگ لینا صارف کی مرضی پر ہے۔ اگر صارف کہے تو اسے اضافی چارجز پر بیگ دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وارنٹی کے اندر ریفریجریٹر کیوں خراب ہوا؟ عدالت نے کمپنی کے خلاف بڑا فیصلہ سنا دیا

عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کیرینگ بیگ کے لیے اضافی چارجز کو غیر قانونی قرار دیا اور کلاتھنگ برانڈ کھاڈی پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔

عدالت نے کھاڈی کو 30 روپے خاتون کو واپس کرنے اور 25 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے برانڈ کو مزید 25 ہزار روپے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا اور کیس نمٹا دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp