غزہ میں بے گھر فلسطینی خاندانوں کو پناہ دینے والی 5 منزلہ عمارت منہدم ہونے سے کم از کم 21 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ سٹی میں منہدم ہونے والی عمارت جنگ کے ابتدائی دنوں میں اسرائیلی حملے سے جزوی طور پر تباہ ہوگئی تھی، تاہم بدھ کے روز عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان زاہر الوحیدی نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں 60 بچوں سمیت 100 افراد کی باقیات برآمد، تدفین پر رقت آمیز مناظر
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے عمارت کے ملبے میں زندہ بچ جانے والوں اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے ملبے سے لاشیں نکالیں۔
رپورٹ کے مطابق عمارت منہدم ہونے کی فوری طور پر کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آسکی۔ غزہ میں جنگ کے دوران بڑی تعداد میں عمارتیں تباہ یا متاثر ہوچکی ہیں، جس کے باعث کمزور عمارتوں کا منہدم ہونا ایک بڑا خطرہ بن گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی انتہا پسند وزیر ایتمار بین گویر کا غزہ سے 18 لاکھ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا منصوبہ بے نقاب
دوسری جانب جنگ بندی کو تقریباً ایک سال گزرنے کے باوجود غزہ میں تعمیر نو کا کام شروع نہیں ہوسکا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے غیر مسلح ہونے تک تعمیر نو کی اجازت نہیں دی جائے گی۔











