پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز پی کے 701 میں دورانِ پرواز مسافر بچے کی اچانک طبیعت بگڑنے پر ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا۔
طیارہ جب بحیرہ شمالی (نارتھ سی) کے اوپر سے گزر رہا تھا تو ایک مسافر بچے کو فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی، جس پر پائلٹ نے مانچسٹر لینڈنگ سے تقریباً نصف گھنٹہ قبل ایمرجنسی کوڈ 7700 جاری کیا۔ پرواز کو مانچسٹر ایئرپورٹ پر ترجیحی بنیادوں پر اترنے کی اجازت دی گئی، اور طیارہ لینڈنگ تک مسلسل ایمرجنسی کوڈ پر رہا۔
یہ بھی پڑھیے پی آئی اے کی 2 ایئر ہوسٹس میں لڑائی، بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی، انتظامیہ کا سخت ایکشن
مانچسٹر ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے فوراً بعد پیرامیڈیکس اور ایمرجنسی سروسز کے عملے نے طیارے میں داخل ہو کر متاثرہ مسافر کو طبی سہولیات فراہم کیں۔
پی آئی اے ترجمان نے پرواز پی کے 701 میں ایمرجنسی لینڈنگ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دورانِ پرواز ایک معصوم بچے کو شديد طبی پیچیدگی کا سامنا کرنا پڑا، جس کا مانچسٹر میں آرگن ٹرانسپلانٹ ہونا طے تھا۔
بچے کی زندگی بچانے اور لینڈنگ کے ساتھ ہی اسے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے طیارے کے کپتان مجیب نے مانچسٹر ایئر ٹریفک کنٹرول کو پیشگی اطلاع دی۔ اس ہنگامی الرٹ کا مقصد ایئرپورٹ پر فوری طور پر ایمبولینس اور ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنانا تھا۔
یہ بھی پڑھیے پی آئی اے کا طیارہ ایک ہفتے میں دوسری بار گراؤنڈ کردیا گیا
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کر دی گئی ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ برطانوی فضائیہ کے فائٹر جیٹس نے طیارے کو حصار میں لیا تھا۔













