وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی پاکستان کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دانش یونیورسٹی پاکستان کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کی بدولت ملک بھر اور پورے خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی۔ یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔
اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وزیراعظم کی مختلف ہدایات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے 190 ملین پاؤنڈز سے بننے والی دانش یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات سے کم نہ ہوگی، وزیراعظم
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی آسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ یونیورسٹی کے لیے بہترین اور باصلاحیت فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کا ٹیلنٹ ہنٹ شروع کر دیا گیا ہے۔ ورچوئل اسکول میں کامیاب طلبہ کے لیے 5 ماہ کی مدت پر مشتمل 100 فیصد مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔
دانش یونیورسٹی کی ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 24 اکتوبر 2026 کو 40 سے زائد شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل ہو جائے گی، جبکہ یونیورسٹی میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے دانش یونیورسٹی میں کم آمدن والے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف
دانش یونیورسٹی میں ابتدائی مرحلے میں بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی و سماجیات پر مبنی جدید تعلیمی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
طلبہ کو یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم شروع کرنے کے لیے ضروری تیاری اور معاونت فراہم کرنے کی غرض سے برج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ دانش یونیورسٹی کا برج پروگرام 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رکن قومی اسمبلی اسامہ سرور، چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز دانش یونیورسٹی عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔













