ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کی امید، ٹرمپ نے براہِ راست بات چیت کی تصدیق کردی

جمعرات 17 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ممکنہ طور پر جنگ کے اختتامی مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ انہوں نے ایران کے ساتھ براہِ راست رابطوں کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران جنگ کی لاگت 38 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی، امریکی ایوان میں جنگ ختم کرنے کی تیسری قرارداد بھی منظور

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے ہم جنگ کے اختتام کے قریب ہیں، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور واشنگٹن کی جانب سے تہران سے براہِ راست رابطہ کیا گیا ہے۔ تاہم ایران کی جانب سے اس براہِ راست رابطے کی تفصیلات یا کسی حتمی معاہدے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی، سفارتکاری اور مذاکرات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نقصان پہنچانے والے اقدامات روکے جائیں اور آبنائے ہرمز اور باب المندب کے اطراف بحری نقل و حرکت کے حقوق اور آزادی کو بین الاقوامی قانون کے مطابق بحال اور برقرار رکھا جائے۔

ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے بھی امریکا کے ساتھ کسی ممکنہ پیشرفت کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تہران کو واشنگٹن پر اعتماد نہیں اور امریکا کو اعتماد بحال کرنے کے لیے ایران کے مطالبات پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل رضائی نے آبنائے ہرمز کھولنے کے حوالے سے بھی پابندیوں، ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور دیگر معاملات پر امریکی اقدامات کو اہم شرائط قرار دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp