شہزادی ڈیانا کے بھائی چارلس اسپنسر نے اپنی نئی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ ڈیانا کی موت کے بعد کنگ چارلس نے ایک فون کال کے دوران کہا تھا کہ دنیا انہیں جلد بھول جائے گی۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے چارلس اسپنسر کی آنے والی کتاب ‘سوان سونگ: ڈیانا، مائی سسٹر’ کا پہلا پیش نظارہ شائع کیا، جس میں ان کے مطابق شہزادی ڈیانا کی موت کے بعد اس وقت کے شہزادہ چارلس سے ہونے والی ایک تلخ فون کال کا ذکر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہزادی ڈیانا کا مشہور ’ریونج ڈریس‘ نیلامی کے لیے پیش، کتنے میں فروخت ہونے کا امکان؟
چارلس اسپنسر کے مطابق فون کال کے دوران چارلس نے ڈیانا کے بارے میں اپنے اندر جمع مبینہ غصے اور اس بات پر ناراضی کا اظہار کیا کہ دنیا ان کی موت سے اس قدر متاثر ہوئی۔ اسپنسر نے دعویٰ کیا کہ چارلس نے فون پر کہا، ‘یقین رکھیں، ہم انہیں جلد ہی بھول جائیں گے۔’
چارلس اسپنسر نے بتایا کہ وہ اس بات پر اس قدر حیران رہ گئے کہ فوری طور پر جواب نہ دے سکے۔ ان کے مطابق انہوں نے چارلس سے صرف اتنا کہا، ‘مجھے یقین نہیں آرہا کہ آپ نے ابھی یہ کہا ہے’ اور پھر فون بند کردیا۔
View this post on Instagram
اسپنسر کے مطابق یہ فون کال اس وقت ہوئی جب وہ اور اس وقت کے شہزادہ چارلس اس معاملے پر گفتگو کر رہے تھے کہ شہزادی ڈیانا کے جنازے کے جلوس میں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری، جن کی عمریں اس وقت بالترتیب 15 اور 16 برس تھیں، اپنی والدہ کے تابوت کے پیچھے چلیں یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لیڈی ڈیانا، نرس سے شہزادی بننے والی حسینہ جو برطانوی ملکہ نہ بن سکی
چارلس اسپنسر نے بتایا کہ ایک شاہی معاون کی جانب سے اس تجویز سے آگاہ کیے جانے کے بعد وہ اس کے خلاف تھے، جس کے بعد انہیں شہزادہ چارلس کی فون کال موصول ہوئی۔
بعد ازاں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری اپنے چچا کی مخالفت کے باوجود شہزادی ڈیانا کے جنازے کے جلوس میں چارلس، شہزادہ فلپ اور چارلس اسپنسر کے ساتھ شریک ہوئے۔ دونوں شہزادوں نے دو ہزار سترہ کی بی بی سی دستاویزی فلم ‘ڈیانا، سیون ڈیز’ میں کہا تھا کہ یہ خاندان کا مشترکہ فیصلہ تھا۔
View this post on Instagram
چارلس اسپنسر کی نئی کتاب میں شہزادی ڈیانا کی شادی، چارلس سے ان کے ناکام ازدواجی تعلق اور طلاق سے قبل کے معاملات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ شہزادی ڈیانا اور اس وقت کے شہزادہ چارلس کی طلاق 1996 میں ہوئی تھی، جبکہ ڈیانا اگلے برس 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہزادی ڈیانا سے متعلق بھائی کے اہم انکشافات پر مبنی کتاب ستمبر میں شائع ہوگی
چارلس اسپنسر کی کتاب کی اشاعت سے چند روز قبل نیدرلینڈز میں اس کی چوری کی اطلاع بھی سامنے آئی۔ رپورٹ کے مطابق وسطی یورپ میں قائم پرنٹنگ مرکز سے تقسیم کے گودام کی جانب لے جائے جانے والے ٹرک سے کتاب کی 4 نقول چوری کی گئیں۔ کتابیں سیاہ پلاسٹک میں چھپائی گئی تھیں اور ٹرک رات کے وقت کھڑا تھا۔
نیدرلینڈز کے حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ چارلس اسپنسر کی یادداشتوں پر مبنی یہ کتاب 22 ستمبر کو شائع کی جائے گی۔













