اپوسٹیل اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام میں بے ضابطگیاں: نائب وزیراعظم کا نوٹس، 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپوسٹیل اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق میڈیا رپورٹس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ کے تصدیقی نظام کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔

جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے کنوینر سیکریٹری پیٹرولیم حامد یعقوب شیخ ہوں گ  جبکہ سیکریٹری قانون راجہ نعیم اکبر اور اسپیشل سیکریٹری خزانہ قمر سرور عباسی کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔

کمیٹی کے لیے طے شدہ ٹی او آرز اور ذمہ داریاں

کمیٹی اپوسٹیل اور دستاویزات کی تصدیق کے پورے طریقہ کار میں ہونے والے کسی بھی قسم کے غلط استعمال اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرے گی۔

کوریئر سروسز اور افسران کا کردار

انکوائری کمیٹی تصدیقی عمل سے منسلک کوریئر سروسز کے کردار کا تفصیلی جائزہ لے گی اور وزارتِ خارجہ کے افسران یا عملے کے ممکنہ ملوث ہونے کا تعیّن کرے گی۔

اصلاحات کی تجاویز

کمیٹی مستقبل میں اس نظام کو شفّاف بنانے اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی کو روکنے کے لیے ضروری اصلاحات بھی تجویز کرے گی۔

کمیٹی اپنی تمام تحقیقات اور سفارشات پر مبنی حتمی رپورٹ 2 ہفتوں کے اندر پیش کرنے کی پابند ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (ایڈمن) کمیٹی کو تمام متعلقہ ریکارڈ، مواد اور مکمل معاونت فراہم کریں گے۔

‘اپوسٹیل’ کیا ہے؟

اپوسٹیل ایک بین الاقوامی تصدیقی اسٹیمپ یا سرٹیفکیٹ ہوتا ہے جو کسی بھی ملک کی سرکاری و تعلیمی اسناد، برتھ سرٹیفکیٹس اور دیگر قانونی دستاویزات پر لگایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہوتا ہے کہ یہ دستاویزات کسی دوسرے ملک میں بغیر کسی مزید تصدیق کے قانوناً قابل قبول ہوں۔

پاکستان کا ‘ہیگ اپوسٹیل کنونشن’ معاہدہ

پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ‘ہیگ اپوسٹیل کنونشن‘ میں شمولیت کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت پاکستان میں وزارت خارجہ کو اپوسٹیل اسٹیمپ جاری کرنے کا اختیار حاصل ہوا ہے۔

اس معاہدے کا بنیادی فائدہ یہ ہے کہ بیرونِ ملک تعلیم، ملازمت یا ویزا کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کو مختلف سفارت خانوں کے چکر نہیں لگانے پڑتے بلکہ وزارت خارجہ کا ایک اپوسٹیل اسٹیمپ ہی تمام رکن ممالک میں ان کی دستاویزات کو قانونی حیثیت فراہم کر دیتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp