ایشین گیمز کل سے شروع، پاکستان 23 کھیلوں میں حصہ لے گا

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

20ویں ایشین گیمز کل جاپان کے شہر آیچی ناگویا میں شروع ہوں گے، جن میں 45 ممالک اور خطوں کے تقریباً 1 ہزار 700 کھلاڑی اور عہدیدار 43 کھیلوں میں حصہ لیں گے، جبکہ پاکستان 23 کھیلوں میں 246 رکنی دستے کے ساتھ شرکت کرے گا۔

ایشین گیمز میں اس بار کھلاڑیوں کے لیے باقاعدہ ایتھلیٹس ولیج قائم نہیں کیا گیا، جس کے بجائے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو ہوٹلوں، عارضی رہائشی یونٹس اور اطالوی کروز شپ کوسٹا سیرینا میں ٹھہرایا جائے گا۔ کروز شپ میں 5 ہزار افراد کے قیام کی گنجائش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ کپتان فاطمہ ثنا اور اسکواش اسٹار نور زمان ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کے پرچم بردار ہونگے

منتظمین کا کہنا ہے کہ ایتھلیٹس ولیج نہ بنانے کا فیصلہ اخراجات کم رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ٹوکیو اولمپکس پر اربوں ڈالر خرچ ہوئے تھے، جو کورونا وائرس کے باعث 2020 کے بجائے 2021 میں منعقد ہوئے۔

ایشین گیمز میں شمالی کوریا بھی شریک ہوگا، جو ٹوکیو اولمپکس سے دستبردار ہوگیا تھا۔ شمالی کوریا تقریباً 100 کھلاڑیوں کو جاپان بھیج رہا ہے، جبکہ اولمپک کونسل آف ایشیا کی پناہ گزین ٹیم بھی مقابلوں میں حصہ لے گی۔

جاپان تقریباً 900 کھلاڑیوں کے ساتھ سب سے بڑا دستہ بھیج رہا ہے، چین کے 815 اور ہانگ کانگ کے تقریباً 580 کھلاڑی شریک ہوں گے۔ 2023 کے ایشین گیمز میں چین نے 201 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، جبکہ جاپان نے 52 اور جنوبی کوریا نے 42 طلائی تمغے جیتے تھے۔

انتظامی مسائل پر تنقید

ایشین گیمز کے آغاز سے ایک روز قبل انتظامی معاملات پر شدید تنقید سامنے آئی ہے۔ کھلاڑیوں اور عہدیداروں کی تعداد 17 ہزار سے زائد ہونے کے باعث رہائش کی کمی کی شکایات سامنے آئی ہیں، جبکہ بعض ٹیموں نے کمروں اور بستروں کے معیار پر بھی اعتراض کیا ہے۔

چینی جمناسٹ ژانگ بوہینگ، جنہوں نے پیرس اولمپکس میں 2 چاندی کے تمغے جیتے اور 2 عالمی چیمپئن شپ کے اعزاز اپنے نام کیے، نے بتایا کہ بدھ کو جاپان پہنچنے کے بعد وہ اور ان کے بعض ساتھی 6 گھنٹے تک انتظار کرتے رہے۔

ژانگ بوہینگ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ وہ مکمل طور پر تھک چکے تھے۔ ان کے مطابق صبح 7 بجے ناشتے کے بعد اگلی بار انہیں تقریباً شام 7 بجے کھانا ملا۔

انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن اور کاغذی کارروائی کے باعث تاخیر ہوئی، جبکہ کروز شپ پہنچنے پر شدید بارش کے باعث اس میں سوار ہونا بھی ممکن نہ رہا۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق دیگر چینی کھلاڑیوں کو بھی آمد پر سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے تھائی لینڈ کو شکست دے کر ایشین گیمز کرکٹ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

ناگویا میں چینی قونصل خانے نے شٹل بس کے مسائل اور عوامی ٹرانسپورٹ کے ٹکٹوں کی کمی کے باعث بیڈمنٹن ٹیم کے کھلاڑیوں کو سفری سہولت فراہم کی۔ چینی سوشل میڈیا صارفین نے ایئرپورٹ پر ورزش اور اسٹریچنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی سراہا۔

بھارتی دستے کو بھی ایئرپورٹ پر تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیدار سہدیف یادو نے بتایا کہ امیگریشن کے دوران کھلاڑیوں کی دستاویزات اور شناختی عمل میں مسئلہ پیش آیا اور طویل قطاریں لگیں، تاہم ان کے مطابق معاملات حل کرلیے گئے ہیں۔

جنوبی کوریا کے بعض کھلاڑی بھی جمعرات کو ایئرپورٹ پر 5 گھنٹے سے زیادہ انتظار کرتے رہے۔

جنوبی کوریا کی جانب سے ایشین گیمز کے منتظمین کو ایک جاپانی جنگجو کو استقبالیہ تقریب میں شامل کرنے پر شکایت بھی درج کرائی گئی۔ منگل کو ہونے والی تقریب میں ٹویوٹومی ہیدی یوشی کا لباس پہنے ایک شخص شریک تھا، جس نے 1592 سے 1598 تک کوریا پر جاپانی حملوں کی قیادت کی تھی۔

ایشیا کی اولمپک قیادت نے بھی ایشین گیمز میں ایتھلیٹس ولیج نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں کھیلوں کے مقابلوں کے لیے مزید بڑے انتظامات کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی، عہدیدار اور کوچ کے لیے رہائش کا انتظام موجود ہے۔

خواتین کرکٹ میں بھارت اور سری لنکا سیمی فائنل میں

ایشین گیمز کی خواتین کرکٹ میں بھارت اور سری لنکا نے کوارٹر فائنلز میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

بھارت نے جاپان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ جاپان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 57 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت نے 5 اوورز میں 59 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔

شفالی ورما نے صرف 15 گیندوں پر ناقابل شکست 40 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ رچا گھوش 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔ بھارت کی شری چرنائی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز کے لیے پاکستان کے شوٹر اسکواڈ کا اعلان کردیا

ایک اور کوارٹر فائنل میں سری لنکا نے ملائیشیا کو 86 رنز سے شکست دی۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 160 رنز بنائے۔ کپتان چماری اتھاپتھو نے 37 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

ملائیشیا کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 74 رنز بنا سکی۔ سری لنکا کی جانب سے کاویشا دلہاری اور متھالی ایودھیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ چماری اتھاپتھو نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کا آغاز کل

پاکستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم اتوار سے کراچی میں تربیتی کیمپ شروع کرے گی۔ پاکستان، دفاعی چیمپیئن بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش کو براہ راست کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ دی گئی ہے۔

پاکستان ایشین گیمز میں 23 کھیلوں میں 246 رکنی دستے کے ساتھ شرکت کرے گا۔ سافٹ ٹینس، خواتین کرکٹ، اسکواش، ٹیبل ٹینس، روئنگ، تیراکی، کبڈی، باکسنگ، گھڑ سواری، ووشو، ٹرائیتھلون اور ہاکی کے دستے جاپان پہنچ چکے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان کے کتنے کھلاڑی اور عہدیدار شریک ہوں گے، اس کی حتمی تعداد ابھی سامنے نہیں آئی۔ پاکستانی دستے کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق منتظمین کی جانب سے حتمی فہرست جلد فراہم کی جائے گی۔

پاکستانی دستے کے کھلاڑی تھائی ایئرویز اور قطر ایئرویز کے ذریعے جاپان پہنچ رہے ہیں اور ایک ٹیم کو جاپان پہنچنے میں عموماً 30 سے 34 گھنٹے لگتے ہیں۔

اسکواش کھلاڑی نور زمان اور پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا افتتاحی تقریب میں پاکستان کے پرچم بردار ہوں گی۔

سافٹ ٹینس میں پاکستان کا مایوس کن آغاز

ایشین گیمز کے سافٹ ٹینس مقابلوں میں پاکستان کے مردوں اور خواتین دونوں دستوں نے مایوس کن آغاز کیا اور پہلے روز کوئی میچ نہ جیت سکے۔

پاکستان مردوں کی ٹیم کو فلپائن، جاپان اور کمبوڈیا کے خلاف اپنے تینوں میچز میں 0-3 سے شکست ہوئی۔

پاکستان خواتین کی ٹیم کو بھی جنوبی کوریا، جاپان اور کمبوڈیا کے خلاف 0-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp