پاکستان نے جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز کے لیے 11 رکنی شوٹنگ دستے کو حتمی شکل دے دی، جس میں 8 شوٹرز اور 3 آفیشلز شامل ہیں۔
ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز ہاکی ڈرا، پاکستان پول ’بی‘ میں شامل، ملائیشیا اور چین سمیت سخت حریفوں کا سامنا
منتخب شوٹرز میں اسکیٹ ایونٹ کے لیے عثمان چند اور امام ہارون، ٹریپ میں فرخ ندیم، ریپڈ فائر میں غلام مصطفیٰ بشیر، محمد عمر اور محمد شبیر جبکہ پسٹل ایونٹ میں کشمالہ طلعت اور رابعہ کبیر شامل ہیں۔
روسی کوچ ولادیمیر کووالینکو کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ کمانڈر فضل الباری ٹیم کے منیجر ہوں گے۔
نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سینئر عہدیدار اور کوچ رازی احمد خان نے بتایا کہ حتمی فہرست میں مزید ایک شوٹر کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یورپی ایف کلاس چیمپیئن شپ میں اسد واحد کا شاندار کارنامہ، پاکستان کا پرچم بلند کردیا
پاکستانی شوٹنگ دستہ اس وقت کراچی اور جہلم میں تیاریوں میں مصروف ہے۔ کراچی میں 7 اگست کو تربیتی کیمپ قائم کیا گیا تھا، تاہم شوٹرز اگلے سال ہونے والے ملٹری گیمز کے ٹرائلز کے لیے عارضی طور پر جہلم منتقل ہوئے۔ ٹیم 19 اگست کو دوبارہ کراچی پہنچ کر ایشین گیمز کی تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
رازی احمد خان نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے شوٹنگ دستے کے اخراجات کا 50 فیصد برداشت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ باقی اخراجات نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان پورے کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نیپال ایشین گیمز میں پاکستانی ریسلر سمیر علی نے سلور میڈل جیت لیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غلام مصطفیٰ بشیر، فرخ ندیم اور کشمالہ طلعت سے تمغے کی امیدیں ہیں، تاہم ایشین گیمز کی سطح پر مقابلہ انتہائی سخت ہوگا۔
کشمالہ طلعت 2023 کے ہانگژو ایشین گیمز میں 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت کر ایشین گیمز میں تمغہ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی شوٹر بنی تھیں۔
فرخ ندیم نے رواں سال کے آغاز میں دوحہ میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں اسکیٹ ایونٹ کا طلائی تمغہ جیتا تھا، جبکہ 3 مرتبہ کے اولمپئن غلام مصطفیٰ بشیر نے 2022 میں قاہرہ میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔














