کوہاٹ پولیس لائنز پر دہشتگرد حملہ، 8 حملہ آور ہلاک، خارجی گل بہادر گروپ نے ذمہ داری قبول کرلی

ہفتہ 19 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پرانا پولیس لائنز کی مسجد اور پولیس کمپلیکس پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری خارجی گل بہادر گروپ نے قبول کرلی ہے، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں حملے میں ملوث تمام 8 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک طالبان گل بہادر (ٹی ٹی جی) کے دھڑے نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ’البدار استشہادی بٹالین‘ نے ’اتحاد المجاہدین پاکستان‘ کے پرچم تلے یہ مشترکہ کارروائی کی۔

رپورٹ کے مطابق خارجی گل بہادر گروپ کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے اور اس کے افغانستان میں محفوظ ٹھکانے ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی ٹیموں اور سیکیورٹی فورسز نے پولیس کمپلیکس کے اہم حصوں کو کلیئر کردیا ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے رات ایک بج کر 20 منٹ کے قریب اس وقت پرانا پولیس لائنز کی مسجد اور کمپلیکس کو نشانہ بنایا جب جمعے کی نماز ادا کی جارہی تھی۔ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس کمپلیکس کی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا، بعد ازاں مسلح دہشتگرد فائرنگ کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:کوہاٹ پولیس لائنز میں خودکش دھماکا، شہدا کی تعداد 21 تک پہنچ گئی، 100 سے زائد زخمی

پولیس کے مطابق تقریباً 8 دہشتگرد عمارت کے اندر داخل ہوئے تھے اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی شروع کردی اور دہشتگردوں کو ایک ہی کمپاؤنڈ تک محدود کردیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے بعد تمام 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور سرچ آپریشن مکمل کرکے پورے کمپاؤنڈ کو کلیئر کردیا گیا۔ آپریشن کی قیادت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے کی جبکہ جی او سی کوہاٹ بھی موقع پر موجود رہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو شاباش دی اور ان کے لیے انعامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خودکش بمبار نے قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، بہادر جوان قوم کا فخر ہیں اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے ہیں۔

ادھر کوہاٹ حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی، جس میں پولیس حکام اور کابینہ ارکان نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردیے گئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کے پرانا پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی بھی ایک روزہ دورے پر کوہاٹ روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات اور زخمیوں کی عیادت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp