اٹلی کا اسکولوں میں نقاب پر پابندی و غیر ملکی طلبہ کی تعداد کی حد مقرر کا اعلان

اتوار 20 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ حکومت اسکولوں میں چہرہ ڈھانپنے والے نقاب پر پابندی عائد کرنے اور ہر جماعت میں غیرملکی طلبہ کی تعداد کی حد مقرر کرنے کی تیاری کررہی ہے۔

رائٹرز کے مطابق جارجیا میلونی نے اپنی جماعت برادرز آف اٹلی کی نوجوانوں کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں جلد ایک اقدام پیش کیا جائے گا، جس کے تحت ہر جماعت میں غیرملکی طلبہ کی زیادہ سے زیادہ تعداد مقرر کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سیوٹا مہاجر بحران: اٹلی نے اسپین سے سرحد بند کر دی، فرانس نے بھی نگرانی سخت کردی

انہوں نے بتایا کہ ایسے غیر ملکی طلبہ کے والدین، جن کے بچوں کو اطالوی تعلیمی نظام میں گھلنے ملنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، انہیں اطالوی زبان سیکھنے کی شرط بھی عائد کی جائے گی۔

جارجیا میلونی نے کہا کہ اسکولوں میں برقع اور نقاب پر پابندی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی جماعت میں صرف ایک بچہ ایسا ہو جو اطالوی زبان نہیں سمجھتا تو وہ ہم جماعتوں اور اساتذہ کی مدد سے زبان سیکھ کر تیزی سے معاشرے میں ضم ہوسکتا ہے، لیکن اگر ایسے بچوں کی تعداد زیادہ یا اکثریت میں ہوجائے تو یہ انضمام نہیں بلکہ غفلت ہے۔

اطالوی وزیراعظم نے تاہم ہر جماعت میں غیرملکی طلبہ کی زیادہ سے زیادہ تعداد کے بارے میں کوئی حد مقرر نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی اپنے مرکزی بحیرہ روم کے محل وقوع کے باعث یورپ کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں تارکین وطن کی آمد زیادہ ہوتی ہے، جس کے باعث ہجرت کا معاملہ ملک کی سیاست میں اہم موضوع بنا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں جرائم کے خلاف ملک گیر آپریشن، سینکڑوں افراد گرفتار

اٹلی میں بالخصوص مسلم اکثریتی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کے انضمام، مذہبی علامات، شہریت کے قوانین اور امیگریشن پالیسی پر سیاسی اور سماجی سطح پر بحث جاری رہتی ہے۔

تحقیقی ادارے فونڈازیونے آئی ایس ایم یو کے مطابق اطالوی اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ میں اطالوی شہریت نہ رکھنے والے طلبہ کی شرح 11.6 فیصد ہے، یعنی ہر 100 میں تقریباً 12 طلبہ غیر اطالوی شہری ہیں۔

جارجیا میلونی نے مزید کہا کہ اٹلی میں ہر طالب علم کو اسکول میں اپنا چہرہ کھلا رکھنا چاہیے اور کسی کو حقیقی یا فرضی روایت کے نام پر کسی نوجوان خاتون کو اپنا چہرہ چھپانے کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp