پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں جونئیر کرکٹ کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے ایک تاریخی پیشرفت کے طور پر انڈر 19 سطح پر بھی سینٹرل کنٹریکٹس متعارف کرا دیے ہیں۔
دورہ انگلینڈ سے واپسی پر پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور، کپتان فرحان یوسف اور کھلاڑیوں نے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور جونئیر کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹس کا باضابطہ اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو 200 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی
ہیڈ کوچ شاہد انور اور کپتان فرحان یوسف نے پی سی بی کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار انڈر 19 سطح پر کنٹریکٹس کا ملنا کرکٹرز کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ ملاقات اور سینٹرل کنٹریکٹس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ان کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔
نوجوان کھلاڑیوں کے مطابق یہ کنٹریکٹس انہیں مالی و معنوی تحرک فراہم کریں گے جس سے انہیں اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے اور اعلیٰ ترین سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی مزید لگن اور حوصلہ ملے گا۔













