سندھ میں قتل کیسز کی ایف آئی آر میں تاخیر پر سپریم کورٹ برہم، آئی جی سے سفارشات طلب

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے سندھ میں قتل کے مقدمات کی ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سے ایک ہفتے میں تحریری سفارشات طلب کرلی ہیں، جبکہ کیس کی مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت قتل کے مقدمات میں ایف آئی آر تاخیر سے درج ہونے کے معاملے پر عدالت نے سخت ریمارکس دیے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس، سپریم کورٹ نے سیشن عدالت کو مزید کارروائی سے روک دیا

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہاکہ اگر ایف آئی آر دو، تین دن کی تاخیر سے درج ہوگی تو ملزمان بری ہوجائیں گے۔ سندھ میں سزا کا تصور ہی نہیں، قتل کیسز کی ایف آئی آر میں تاخیر ناقابل قبول ہے۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہاکہ گھناؤنے جرائم میں فوری ایف آئی آر درج کی جائے اور ایف آئی آر کے اندراج کے لیے اجازت لینے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ ملزم بااثر ہو تو روزنامچہ بند ہوجاتا ہے، صاحب بہادر بیٹھے ہیں۔ فریادی وہی کہے گا جو آپ کہیں گے، قتل کے مقدمے میں وڈیرے کی اجازت کا انتظار ہوتا ہے۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے مزید کہا کہ بہت ہوگیا، اس پالیسی کو چھوڑیں اور گھناؤنے جرائم میں فوری ایف آئی آر درج کریں۔ پولیس کو ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

ایف آئی آر میں تاخیر ختم کرنے کے لیے ایس او پی جاری کرنے کی ہدایت

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ہدایت کی کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف آئی آر درج کرنے کا ایس او پی جاری کیا جائے۔ عدالت نے ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کے خلاف محکمانہ کارروائی کی تجویز بھی دی۔

سپریم کورٹ نے ایف آئی آر میں تاخیر کے معاملے پر آئی جی سندھ سے واضح اور دوٹوک پالیسی طلب کرلی۔

آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: میر رضا قتل کیس: پولیس کی تحقیقات سے مطمئن نہیں، جے آئی ٹی تشکیل دلوا کر رہیں گے، مقتول کے والد میر حسین

جسٹس صلاح الدین پہنور نے آئی جی سندھ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہاتھ بندھے ہیں تو ہم انہیں کھولنا چاہتے ہیں۔

عدالت نے آئی جی سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل کو ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp