سپریم کورٹ نے سندھ پولیس کے مبینہ زیر حراست ڈاکٹر شاہنواز کے قتل کے مقدمے میں سیشن عدالت کو مزید کارروائی سے روک دیا۔
جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کی، جس میں مقدمہ انسداد دہشتگردی عدالت سے سیشن کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
دوران سماعت عدالت نے کیس کے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے جبکہ معاملہ لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ: ایمان مزاری کیس میں پاکستانی نظیر کی عدم موجودگی، دفاع نے بھارتی عدالتی فیصلہ پیش کر دیا
سپریم کورٹ نے سیشن عدالت کو مقدمے میں مزید کارروائی سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہنواز توہین مذہب کے مقدمے میں ملزم تھا۔ سندھ ہائیکورٹ نے مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے بجائے سیشن کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائے، تاہم سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کیس سیشن عدالت منتقل کردیا گیا تھا۔













