پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 7 کروڑ ڈالر سے زیادہ کے مالی معاہدوں پر دستخط

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور یورپی یونین نے عالمی رابطہ کاری کے منصوبوں، قانون کی حکمرانی، کاروباری ماحول اور توانائی و ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ یورو (تقریباً 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر) کے مالی معاہدوں پر دستخط کرلیے۔

معاہدوں پر پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس اور اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری محمد ہمایوں کریم نے اپنے اپنے فریقین کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے جی ایس پی پلس سے متعلق یورپی یونین کی رپورٹ مسترد کردی، اصلاحات کو نظر انداز کرنے کا شکوہ

اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یورپی یونین ان معاہدوں کے تحت پاکستان میں تین الگ پروگرامز کے آغاز کے لیے مجموعی طور پر 6 کروڑ 50 لاکھ یورو، یعنی تقریباً 20 ارب 64 کروڑ روپے فراہم کرے گی۔

یہ منصوبے یورپی یونین کے 2021 سے 2027 تک کے کثیر سالہ رہنما پروگرام کے تحت شروع کیے جائیں گے، جن کا مقصد پاکستان کی ترقی کے تین اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

تین اہم پروگرامز

پہلا پروگرام پاکستان کے لیے گلوبل گیٹ وے ڈویلپمنٹ فیسلیٹیشن ہے، جس کے تحت ماحولیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری کے انتظام اور مالی سہولت کاری کو بہتر بنایا جائے گا۔

اس کا مقصد ٹیکس نظام میں بہتری اور حکومت کی طویل مدتی مالی منصوبہ بندی کو مضبوط بنا کر ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

دوسرا پروگرام خیبرپختونخوا میں توانائی اور قدرتی ماحول کا استحکام ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے بجلی کے قومی گرڈ سے منسلک نہ ہونے والی دیہی آبادیوں میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو وسعت دی جائے گی۔

اس کے علاوہ نجی سرمایہ کاری کے حصول اور خیبر پختونخوا کے توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کے لیے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

تیسرا پروگرام پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کے لیے یورپی یونین کی معاونت سے متعلق ہے۔ اس کے تحت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی پولیس، استغاثہ، عدالتوں اور قانونی امداد تک رسائی بہتر بنانے میں مدد دی جائے گی۔

اس پروگرام کے تحت پنجاب اور سندھ میں قانونی مقدمات کے متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے طریقۂ کار کے استعمال کو بھی فروغ دیا جائے گا، تاکہ ان صوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی یورپی اور دیگر کمپنیوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو۔

اقتصادی ترقی اور قانون کی حکمرانی پر توجہ

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کا ترقیاتی تعاون اقتصادی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال پر مرکوز ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری محمد ہمایوں کریم نے یورپی یونین کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا آغاز بروقت ہے، کیونکہ یہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے، خیبر پختونخوا کے بجلی سے محروم دیہی علاقوں میں بجلی تک رسائی بہتر بنانے اور قانون کی حکمرانی و تجارتی تنازعات کے حل کے معیار کو بلند کرنے کے اہداف سے براہِ راست مطابقت رکھتے ہیں۔

یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے کہا کہ یہ معاہدے گلوبل گیٹ وے اقدام کے تحت پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے اہداف کی حمایت کے لیے یورپی یونین کے عزم کا اظہار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاہدوں کے ذریعے خیبر پختونخوا کے حکام کو زیادہ مضبوط اور مستحکم توانائی کے شعبے کی تعمیر کے ساتھ قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام میں بھی مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی آموں کے یورپ میں چرچے، یورپی یونین کے سفیر بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

سفیر رائمونڈاس کاروبلس کے مطابق قانون کی حکمرانی سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے شہریوں کی انصاف تک رسائی مزید بہتر ہوگی، جبکہ پنجاب اور سندھ میں عدلیہ، قانونی ماہرین، جامعات اور کاروباری برادری کے تعاون سے متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp