غزہ بچوں کا سب سے بڑا قبرستان بن چکا، ترک صدر کا دنیا سے اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ

منگل 22 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے غزہ کو موت کا کیمپ اور دنیا میں بچوں کا سب سے بڑا قبرستان قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہاکہ اسرائیلی حکومت غزہ پر قبضے کے خاتمے کے لیے تیار نہیں، اور غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے کی جانب پیشرفت سے بھی انکار کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت غزہ کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے اور فلسطینی علاقوں کی صورتحال انتہائی خطرناک ہو چکی ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ غزہ ہمارے دور کا انتہائی غیر انسانی اور شرمناک حراستی کیمپ بن چکا ہے۔ جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر چکی ہے۔

رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کے کردار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا تھا، لیکن اب وہ اپنا کردار ادا کرنے کے قابل نہیں رہا اور اسے مؤثر کردار ادا کرنے سے روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیلی آباد کاروں کے تشدد اور دہشتگردی کے باعث مغربی کنارے کی صورتحال بھی سنگین ہے، جبکہ فلسطینی مسلمان اپنے مقدس مقامات تک رسائی سے محروم ہیں۔

ترک صدر نے دعویٰ کیاکہ اسرائیلی دہشتگردی کے نتیجے میں غزہ میں 74 ہزار سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ فلسطینی اور لبنانی بچوں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے اور بچوں کو بموں کی آواز پر بیدار نہیں ہونا چاہیے۔

ترک صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ میں اضافہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیے خلیج میں تنازع کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور کوئی بھی صاحبِ ضمیر شخص غزہ میں ہونے والے واقعات سے آنکھیں نہیں چرا سکتا۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی برقرار رہنی چاہیے، جبکہ علاقائی مسائل کے حل تلاش کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp