اسٹاک مارکیٹ میں خریداری کا رجحان برقرار، انڈیکس 172 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بلند

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار کے آغاز پر زبردست خریداری دیکھی گئی جہاں انڈیکس میں دوپہر تک ایک ہزار سے زائد پوائنٹس اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوپہر 12 بجے تک بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,030.81 پوائنٹس یعنی 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ 172,432.89 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز، انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس اضافہ

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز سمیت اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان رہا۔

حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک، نیشنل بینک، ماری پیٹرولیم، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم اور اٹک ریفائنری لمیٹڈ جیسے انڈیکس پر نمایاں اثر رکھنے والے حصص مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔

دوسری جانب ایک اہم پیش رفت میں آئی ایم ایف کا اسٹاف مشن پاکستان پہنچ گیا ہے جہاں حکام کے ساتھ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی کے تحت چوتھے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی کے تیسرے جائزے پر مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے جائزوں کے حوالے سے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔ مارکیٹ میں آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق پیش رفت کو بھی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل ہے۔

گزشتہ روز یعنی منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام پر  کے ایس ای 100 انڈیکس 249.99 پوائنٹس کے اضافے سے 171,402.08 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی منڈیوں میں بھی تیزی

عالمی سطح پر بدھ کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی تیزی رہی اور ایشیا پیسیفک حصص مسلسل چھٹے سیشن میں اضافے کی جانب گامزن رہے۔ مصنوعی ذہانت سے متعلق ایپس کی صارفین میں بڑھتی طلب نے ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کو سہارا دیا۔

جنوبی کوریا کے اسٹاکس میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سام سنگ اور ایس کے ہائنکس کے حصص میں 2 فیصد سے زیادہ تیزی دیکھی گئی۔ تائیوان کی مارکیٹ بھی 0.9 فیصد مضبوط ہوئی اور تقریباً بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی۔

مزید پڑھیں: 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کا ہدف، کوانٹم ویلی ہائی ٹیک کاروبار کے لیے نئی راہیں کھولے گی، احسن اقبال

ایم ایس سی آئی ایشیا پیسیفک انڈیکس، جاپان کے علاوہ، 0.7 فیصد بڑھا اور مسلسل چھٹے روز اضافے کی جانب گامزن رہا، جبکہ چینی بلیو چپ حصص میں معمولی تبدیلی دیکھی گئی۔ جاپانی مارکیٹ تعطیل کے باعث بند رہی۔

دوسری جانب مشرق وسطیٰ سے تیل کی سپلائی میں اضافے کی اطلاعات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ رہا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کے ساتھ نیویارک میں ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت کا دعویٰ کیا، تاہم معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp