اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز، انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس اضافہ

منگل 22 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروبار کے آغاز پر خریداری کا رجحان برقرار رہا جہاں انڈیکس ابتدائی لمحات میں 400 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔

صبح 10 بج کر 10 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 409.21 پوائنٹس یعنی 0.24 فیصد اضافے کے بعد 171,562.37 پوائنٹس کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لائیو اسٹاک اور زراعت پر توجہ دے کر ایک سال میں معیشت بہتر کی جا سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلی، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنری کے شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔

میزان بینک، مسلم کمرشل بینک، حبیب بینک، پاکستان آئل فیلڈز، او جی ڈی سی ایل، ماری پیٹرولیم، حبکو پاور، اٹک ریفائنری لمیٹڈ اور نیشنل بینک سمیت انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے اہم حصص مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔

گزشتہ روز یعنی پیر کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار اتار چڑھاؤ اور محدود دائرے میں رہا تھا۔

سرمایہ کاروں نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کی توقعات کو خطے میں دوبارہ پیدا ہونے والی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے ساتھ متوازن کیا۔

پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس 268.58 پوائنٹس یعنی 0.16 فیصد اضافے کے بعد 171,153.17 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کا ہدف، کوانٹم ویلی ہائی ٹیک کاروبار کے لیے نئی راہیں کھولے گی، احسن اقبال

دوسری جانب عالمی منڈیوں میں بھی منگل کو مثبت رجحان دیکھا گیا۔ ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں تیزی رہی، جبکہ تیل کی قیمتوں میں کمی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو سہارا دیا۔ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے امکانات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی ڈالر بدستور مضبوط رہا، کیونکہ سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مزید شرح سود میں اضافے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

سرمایہ کاروں کی توجہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان رواں ہفتے ہونے والی اہم ملاقات پر بھی مرکوز ہے۔

مارکیٹ شرکا یہ جاننے کے لیے کوشاں ہیں کہ آیا دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے رہنما باہمی تعلقات میں مزید خرابی روکنے کے لیے پیش رفت کر سکتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی ہے، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے رواں ہفتے نیویارک میں متوقع ہیں۔

اس پیش رفت سے بھی عالمی مالیاتی منڈیوں میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری دیکھی گئی اور بانڈ ییلڈز میں کمی آئی۔

مزید پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، اسٹاک ایکسچینج میں 1500 پوائنٹس کمی

ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک خطے کے جاپان کے علاوہ وسیع تر شیئر انڈیکس میں ابتدائی کاروبار کے دوران ایک فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ جنوبی کوریا کے ٹیکنالوجی شیئرز میں تقریباً دو فیصد جبکہ تائیوان کی مارکیٹ میں 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جاپان کی مارکیٹ تعطیل کے باعث بند رہی۔

مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ میٹا کے میوز اے آئی اسسٹنٹ کے اجرا کو ملنے والا مثبت ردعمل بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

چین کے بلیو چِپ اسٹاکس کے انڈیکس میں 0.75 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.4 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ چین اور ہانگ کانگ میں مصنوعی ذہانت سے متعلق کمپنیوں کے حصص میں بھی نمایاں تیزی رہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp