شمالی کوریا کی ویٹ لفٹر نے 3 عالمی ریکارڈ قائم کرکے ایشین گیمز کا طلائی تمغہ جیت لیا

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی کوریا کی ویٹ لفٹر رِی سونگ گم نے ناگویا میں جاری ایشین گیمز میں خواتین کے 49 کلوگرام مقابلے میں 3 عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنے ملک کے لیے پہلا طلائی تمغہ جیت لیا۔ رِی نے مجموعی طور پر 215 کلوگرام وزن اٹھا کر سابق عالمی ریکارڈ 7 کلوگرام کے بڑے فرق سے توڑ دیا۔

رِی سونگ گم نے اسنیچ میں 94 کلوگرام وزن اٹھایا، جو سابق عالمی ریکارڈ 93 کلوگرام سے ایک کلوگرام زیادہ تھا۔ اس کے بعد کلین اینڈ جرک میں انہوں نے پہلے 116 کلوگرام اور پھر 121 کلوگرام وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ دو مرتبہ بہتر کیا۔

یہ بھی پڑھیے 35 ویں نیشنل گیمز میں شرکت کرنے والا دلچسپ خاندان، 15 سالہ مدیحہ نے ویٹ لفٹنگ میں والدہ کو ہراکر سلور میڈل جیت لیا

بھارت کی ٹوکیو اولمپکس 2021 کی سلور میڈلسٹ میرابائی چانو نے تیسری کوشش میں ایشین گیمز کا تمغہ جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 198 کلوگرام وزن اٹھایا، جس میں اسنیچ کے 87 اور کلین اینڈ جرک کے 111 کلوگرام شامل تھے، جبکہ انڈونیشیا کی ڈیانا ٹری ویجایانا نے 191 کلوگرام کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

رِی سونگ گم ایشین گیمز کی تاریخ میں ویٹ لفٹنگ کے 3 طلائی تمغے جیتنے والی صرف چوتھی کھلاڑی اور پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے پنجاب کے دور افتادہ گاؤں سے تعلق رکھنے والی ویٹ لفٹر طالبہ کی کہانی

ان سے قبل ایران کے محمد نصیری، جنوبی کوریا کے کم تائی ہون اور ایران کے بہداد سلیمی 3، 3 طلائی تمغے جیت چکے ہیں، جبکہ اب تک کوئی ویٹ لفٹر ایشین گیمز میں 4 طلائی تمغے حاصل نہیں کرسکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp