بہن زندگی اور موت کی جنگ میں، اداکارہ میرا کی برطانوی حکومت سے ویزا دینے کی اپیل

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی اداکارہ میرا نے برطانوی حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزا جاری کیا جائے تاکہ وہ لندن جاکر کینسر کے مرض میں مبتلا اپنی بہن شائستہ عباس سے مل سکیں۔

صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ میرا نے نیویارک سے برطانوی حکومت سے فوری اپیل کی ہے۔ ان کے مطابق میرا کی بہن شائستہ عباس ایڈوانس اسٹیج کے کینسر میں مبتلا ہیں اور ان کی طبیعت بگڑ رہی ہے، جس کے باعث اداکارہ اس مشکل وقت میں اپنی بہن کے پاس پہنچنا چاہتی ہیں۔

میرا نے برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم، وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے بھی ان کے معاملے پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غور کرنے اور ویزا جاری کرنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔

مرتضیٰ علی شاہ کے مطابق میرا کو ماضی میں برطانیہ کا ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے اور ان پر ایک موقع پر 10 سال کے لیے برطانیہ میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔ پابندی کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی ویزے کے معاملے میں مشکلات برقرار رہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق میرا کی والدہ شفقت زہرا بخاری نے ان مشکلات کی وجہ ایک امیگریشن انٹرویو کے دوران انگریزی زبان سے متعلق غلط فہمی کو قرار دیا تھا۔ ان کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ پر افسر نے ’ٹرانزٹ‘ کے بارے میں سوال کیا تو میرا نے اسے ’ٹرانزیکشن‘ سمجھا، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں:اداکارہ میرا کا گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل، پولیس کا مؤقف بھی سامنے آگیا

میرا کی جانب سے برطانوی حکومت سے نئی اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کی بہن شائستہ عباس لندن میں کینسر کے مرض کا علاج کروا رہی ہیں۔ اس سے قبل جولائی 2025 میں بھی میرا اپنی بیمار بہن سے ملنے کے لیے برطانوی حکام سے ویزا جاری کرنے کی اپیل کرچکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp