معروف پاکستانی اداکارہ میرا پر ان کی گھریلو ملازمہ کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی اور جسمانی تشدد کا الزام سامنے آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 5 میں اداکارہ کی رہائشگاہ کے مین گیٹ پر پیش آیا۔ فوٹیج میں مبینہ طور پر اداکارہ میرا کو ملازمہ کو دھکے دیتے اور تھپڑ مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ متاثرہ ملازمہ نے واقعے کے بعد متعلقہ تھانے میں جسمانی تشدد اور بدسلوکی کی شکایت درج کرائی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو ثبوت کے طور پر پیش کیا۔
ڈیفنس بی کے علاقے میں اداکارہ میرا اور ان کی گھریلو ملازمہ کے مبینہ جھگڑے کی وائرل ویڈیو کا معاملہ:
پولیس نے دونوں فریقین کو طلب کر کے معاملے کی مکمل انکوائری کی تھی۔ تفتیش کے دوران اداکارہ میرا نے ملازمہ کے خلاف سامان لے جانے کی درخواست دی تھی۔ بعد ازاں اشیاء کی واپسی پر اداکارہ…— Lahore Police Official (@Lahorepoliceops) August 18, 2026
کچھ رپورٹس میں ملازمہ کا دعویٰ تھا کہ واجب الادا تنخواہ مانگنے پر جھگڑا ہوا اور انہیں چہرے و جسم پر نشانات پڑے، جبکہ ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے تشدد کی تصدیق بھی کی تھی۔
پولیس کی جانب سے معاملے کی انکوائری
تاہم لاہور پولیس نے واضح کیاکہ ڈیفنس بی کے علاقے میں اداکارہ میرا اور ان کی گھریلو ملازمہ کے مبینہ جھگڑے کی وائرل ویڈیو کا معاملہ پہلے ہی پولیس کے نوٹس میں تھا۔ پولیس نے دونوں فریقین کو طلب کرکے مکمل انکوائری کی تھی۔
تفتیش کے دوران اداکارہ میرا نے ملازمہ کے خلاف گھر کا سامان لے جانے کی درخواست دی تھی۔ اشیا کی واپسی کے بعد میرا نے اپنی درخواست واپس لےلی۔
دوسری جانب ملازمہ نے بھی باہمی رضامندی کے تحت اداکارہ کے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کا تحریری اور ویڈیو بیان ریکارڈ کروا دیا۔ دونوں فریقین کے درمیان معاملہ طے پانے پر تحریری معاہدہ پولیس ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
ملازمہ کا مؤقف بھی تبدیل
پولیس ذرائع کے مطابق انکوائری کے بعد معاملہ باہمی طور پر حل ہو چکا تھا۔ ملازمہ نے بعد میں اپنا بیان تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ ان پر کوئی تشدد نہیں ہوا، باجی بہت اچھی ہیں، وہ اب بھی ان کے گھر کام کر رہی ہیں اور پہلے والا بیان یا ویڈیو درست نہیں۔
پولیس کے مطابق ابھی تک کوئی باقاعدہ مقدمہ درج نہیں ہوا اور معاملہ فریقین کی رضامندی سے ختم کر دیا گیا ہے۔
اداکارہ میرا کی طرف سے اب تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔ واقعے پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، جبکہ پولیس نے کہا ہے کہ اگر کوئی نئی شکایت آتی ہے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔














