انگلش کاؤنٹی کرکٹر رابن داس پر زیادتی کے 2 مقدمات میں فردِ جرم عائد

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلش کاؤنٹی کرکٹ ٹیم ایسیکس کے بنگلہ دیشی نژاد بیٹر رابن داس پر ایک خاتون سے زیادتی کے 2 الزامات میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 24 سالہ رابن داس کو 23 جولائی 2026 کو 2 الزاماتِ زیادتی میں چارج کیا گیا، وہ 9 اکتوبر کو اِنر لندن کراؤن کورٹ میں پیش ہوں گے۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق مقدمہ مارچ 2024 میں جنوبی لندن کے علاقے برکسٹن میں ایک خاتون سے مبینہ زیادتی کی رپورٹ کے بعد شروع ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق رابن داس کو اس معاملے میں 27 اگست 2025 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو ماہر افسران کی جانب سے مسلسل معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

رابن داس پر الزامات عائد ہونے کے بعد ایسیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب نے انہیں فوری طور پر معطل کردیا۔ کلب نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ، پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن، کرکٹ ریگولیٹر اور کھلاڑی کے ساتھ رابطے میں ہے اور قانونی کارروائی مکمل ہونے تک مزید تبصرہ نہیں کرے گا۔

رابن داس نے 2020 میں ایسیکس کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور کاؤنٹی کے لیے تقریباً 60 میچز کھیل چکے ہیں۔ ان کی آخری شرکت 21 جولائی کو مڈل سیکس کے خلاف ون ڈے کپ کے میچ میں ہوئی تھی، یعنی ان پر فردِ جرم عائد ہونے سے صرف 2 روز قبل۔

یہ بھی پڑھیں:مبینہ ہراسگی کیس، بابر اعظم کے وکیل نے ایک بار پھر درخواست ملتوی کرنے کی استدعا کردی

رابن داس کے خلاف مقدمے کی آئندہ سماعت 9 اکتوبر کو اِنر لندن کراؤن کورٹ میں ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp