بلوچستان حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 23 ستمبر 2026 سے فوری طور پر 30 روز کے لیے پورے صوبے میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران عوامی مقامات پر ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور اسلحہ کی نمائش سے متعلق سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ اجتماعات اور جلوس بھی نہیں نکالے جاسکیں گے۔
بابر یوسفزئی کے مطابق عوامی مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، دھرنوں، ریلیوں، مظاہروں اور اسی نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر بھی پابندی ہوگی۔

صوبائی حکومت نے عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، نقاب کرنے یا ایسا کوئی ذریعہ استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے جس سے کسی شخص کی شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت، دفعہ 144 نافذ
بابر یوسفزئی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد عوامی امن و سکون، قانون و نظم اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔














