آزاد کشمیر کے نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کون ہیں؟

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر ریاست منتخب کرلیا۔

صدر ریاست کے انتخاب کے لیے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں پولنگ ہوئی، جس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر نجیب نقی امیدوار تھے، جبکہ پیپلز پارٹی نے سینیئر سیاستدان چوہدری لطیف اکبر کو امیدوار نامزد کیا تھا۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کو عام معافی دینے کا امکان مسترد کردیا

ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان آزاد جموں کشمیر کے سینیئر سیاست دان ہیں، جو وزیر صحت اور وزیر خزانہ سمیت دیگر اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر محمد نجیب نقی 19 جنوری 1964 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنا بچپن لاہور میں گزارا اور ایچی سن کالج سے تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔

ان کے والد کرنل (ر) محمد نقی خان پاک فوج میں خدمات انجام دے چکے تھے، جس کے بعد انہوں نے سیاست میں قدم رکھا۔ وہ وزیراعظم آزادکشمیر کے سینیئر مشیر، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور وزیر صحت و خوراک بھی رہے۔ پھر 1990 کے عام انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران ایک سڑک حادثے میں ان کا انتقال ہوگیا۔

ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کے دادا، بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان، ایک فوجی، سیاسی و سماجی رہنما اور مجاہد آزادی کی حیثیت سے اپنی متعدد خدمات کے باعث یاد کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے برطانوی ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد خود کو سماجی بہبود کے کاموں کے لیے وقف کیا اور خطے میں مختلف تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے ’مٹھی بھر آٹا‘ فنڈنگ اسکیم شروع کی۔

انہوں نے 1934 میں سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی بنیاد رکھی، جو برصغیر کے قدیم ترین تعلیم پر مبنی فلاحی ٹرسٹس میں سے ایک ہے۔ یہ ادارہ آج بھی مستحق بچوں کی تعلیم میں کردار ادا کررہا ہے۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر نےکابینہ کے وزرا اور مشیروں کو قلمدان سونپ دیے

خان محمد خان 1934 میں جموں و کشمیر کی پہلی قانون ساز اسمبلی، جسے جموں و کشمیر پرجا سبھا کہا جاتا تھا، کے رکن منتخب ہوئے اور 1946 تک اس کے رکن رہے۔ 1947 میں وہ جنگی کونسل کے چیئرمین بنے اور مہاراجا کی حکمرانی سے آزادکشمیر کی آزادی کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے 1990 کے عام انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران اپنے والد کے ایک سڑک حادثے میں اچانک انتقال کے بعد سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔ وہ اپنے آبائی حلقے پلندری سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 5 مرتبہ رکن منتخب ہوچکے ہیں، جبکہ ایک مرتبہ آزاد جموں و کشمیر کونسل کے رکن بھی رہے۔

انہوں نے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی بھرپور حمایت سے 1995 میں سدھنوتی کو ضلع کا درجہ دلانے میں کامیابی حاصل کی۔

محمد نجیب نقی خان نے 1991 سے 1996 تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور صحت، منصوبہ بندی و ترقیات کے پارلیمانی سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔

1996 سے 2001 تک وہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے، جبکہ 2001 سے 2006 تک آزاد جموں و کشمیر کونسل کے رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں۔

ڈاکٹر نجیب نقی 2006 سے 2011 تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور وزیر صحت، بہبود آبادی، تعلیم (کالجز) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی رہے۔

مزید پڑھیں:بھارت پی ٹی آئی کی مدد، آزادکشمیر کشیدگی میں ملوث ہے، افغان پالیسی کے ذمہ دار قومی مجرم ہیں، خواجہ آصف

2011 سے 2016 تک قانون ساز اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 2016 سے 2021 تک وہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور وزیر صحت، خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات رہے۔

اب ڈاکٹر نجیب نقی نے پارلیمانی سیاست کو خیرباد کہہ کر اپنی نئی اننگز کا آغاز کردیا ہے، اور ریاست کے سب سے بڑے آئینی عہدے پر براجمان ہوگئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp