وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان ان سمیت پوری قوم کا فخر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔
نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری اور پاکستانی نوجوانوں کے وفود نے الگ الگ ملاقاتوں میں پاکستان کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، صحت، کاروبار اور سماجی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی کونسل کے صدر سے ملاقات، تجارت سمیت اہم امور پر گفتگو
پاکستانی نوجوانوں کے وفد میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سماجی کاروبار اور مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شریک تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان بھر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سماجی آنٹرپرونیورز کے ساتھ ساتھ مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شریک تھے۔ وزیرِاعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو مختلف… pic.twitter.com/y0DASqFAKn
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) September 24, 2026
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بطور خادمِ پنجاب باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور وظائف کی فراہمی جبکہ معاشی طور پر کمزور طلبہ و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جو بطور خادمِ پاکستان بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی معاشی بحالی، شہباز شریف نے آئی ایم ایف سربراہ کو کیا بتایا؟
وزیراعظم نے نوجوانوں کی ترقی کے لیے ان کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران پاکستانی نوجوانوں نے نوجوانوں کی ترقی، بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔













