پاکستان ٹی 20 ٹیم کے ایشین گیمز کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ٹیم کی نظریں جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر ہیں اور ہر میچ کو برابر اہمیت دے کر ایک ایک مقابلے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
افتتاحی میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ جاپان کے موسم اور حالات پاکستان سے مختلف ہوں گے، تاہم ٹیم نے انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں تیاری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز: پاکستان کے 2 اسکواش کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، کبڈی ٹیم کو پہلی شکست
انہوں نے کہا کہ حالات اور موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں، لیکن کھلاڑیوں کو ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
ایشین گیمز کے لیے حال ہی میں پاکستان کا کپتان مقرر کیے جانے سے متعلق صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ کپتانی ان کے اور ان کے خاندان کے لیے اعزاز ہے، ابھی ذمہ داری ملی ہے اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کپتانی مشکل ہوگی یا آسان، اس کا اندازہ ٹورنامنٹ کے بعد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتان ہوں یا عام کھلاڑی، ان پر اضافی دباؤ نہیں، وہ اپنے فطری انداز میں کھیلیں گے۔
صاحبزادہ فرحان نے بتایا کہ انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو ٹیم کے مفاد میں کھیلنے اور جاپان کے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے آل راؤنڈر حیدر علی کی فارم کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں، جبکہ ٹیم میں منتخب ہونے والے تمام کھلاڑیوں نے کارکردگی دکھا کر اپنی جگہ بنائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں بھارت سے سامنا ہوا تو بھرپور مقابلہ کریں گے، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن
قومی کپتان نے کہا کہ ٹیم میں کچھ نئے کھلاڑی ضرور ہیں، لیکن سب کے پاس بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ ہے اور وہ چیلنج کے لیے تیار ہیں۔
بھارت کے خلاف ممکنہ مقابلے سے متعلق صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ پاکستان کی توجہ صرف بھارت کے خلاف میچ پر نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے ہر میچ پر ہے اور کوشش ہوگی کہ ہر مقابلہ جیتا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے خلاف میچ کے لیے تیار ہوگا، تاہم میدان میں اترنے سے پہلے یہ دعویٰ نہیں کیا جاسکتا کہ کس ٹیم کو شکست دیں گے یا کس سے نہیں جیت سکتے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ اگر پاکستان کو گولڈ میڈل جیتنا ہے تو اسے ٹاپ ٹیموں کو شکست دینا ہوگی۔
ان کے مطابق ایشین گیمز کے لیے پاکستان کی ٹیم تقریباً 2 ماہ قبل تشکیل دی گئی تھی اور تمام کھلاڑی تیار ہیں۔ ٹیم کی پوری توجہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا فاتحانہ آغاز، تھائی لینڈ کو 9گول سے شکست
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ٹیم پاکستان کے عوام کو اچھے نتائج دینا چاہتی ہے اور تمام میچز میں کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
مستقبل میں مستقل ٹی 20 کپتان بنائے جانے سے متعلق سوال پر صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ اگر انہیں مستقل کپتان بننے کا موقع دیا گیا تو وہ یہ ذمہ داری ضرور قبول کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ مستقل ٹی 20 کپتان کے معاملے پر غور کررہا ہے اور صاحبزادہ فرحان بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔
پی سی بی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے مشاورت کے بعد 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایشین گیمز میں صاحبزادہ فرحان کی قیادت کا جائزہ لے گا، جس کے بعد مستقل کپتان کی تقرری کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صادق، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔














