پاکستان نے ایشین گیمز 2026 کے مینز ہاکی مقابلوں میں اپنی فاتحانہ مہم جاری رکھتے ہوئے پول بی کے میچ میں چین کو 0-3 سے شکست دے دی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا فاتحانہ آغاز، تھائی لینڈ کو 9گول سے شکست
جمعرات کو کاواساکی جوکو اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کا آغاز خاموش سست رہا اور پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 9 منٹ کے اندر 3 گول داغ دیے۔
19ویں منٹ میں کپتان ابو بکر محمود نے پینلٹی اسٹروک پر گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی، 5 منٹ بعد سفیان خان نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے برتری دگنی کر دی۔ 28ویں منٹ میں حنان شاہد نے شاندار فیلڈ گول کر کے پاکستان کو 0-3 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔
پاکستان نے اس 3 گول کی برتری کو ہاف ٹائم تک برقرار رکھا اور اگرچہ تیسرے کوارٹر میں ذکریا حیات کو گرین کارڈ دکھایا گیا لیکن گرین شرٹس نے آخر تک اپنی برتری کا دفاع کیا اور چین ایک بھی گول نہ کر سکا۔
یہ ایشین گیمز میں پاکستان کی مسلسل تیسری فتح ہے۔ قومی ٹیم نے اپنی مہم کا آغاز تھائی لینڈ کے خلاف 0-9 کی بڑی فتح سے کیا تھا اس کے بعد ازبکستان کو 1-5 سے شکست دی تھی۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان کے پول بی میں 9 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور گول کے فرق 16 کے ساتھ وہ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پول میں سرفہرست ملائیشیا کے بھی 9 پوائنٹس ہیں لیکن اس کا گول فرق چوبیس ہے۔
مزید پڑھیے: ایشین چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان ہاکی ٹیم کا بھارت جانا حکومتی اجازت سے مشروط
پاکستان اپنا اگلا اور اہم لیگ میچ ہفتہ کو اسی میدان میں ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا جو گروپ میں پہلی پوزیشن کا فیصلہ کرے گا۔














