ایشین گیمز کی تاریخ میں پاکستانی کبڈی ٹیم پہلی بار سیمی فائنل سے باہر

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی مینز کبڈی ٹیم ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم ایونٹ سے پہلی بار بغیر کسی تمغے کے وطن واپس لوٹے گی۔

ایشین گیمز 2026 کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان کو مضبوط ایرانی ٹیم کے ہاتھوں 51-30 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے کی قومی ٹیم کی امیدیں دم توڑ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: !ایشین گیمز 2026: کھیل کم افراتفری زیادہ، جنوبی کوریا کے ساتھ تو حد ہی ہوگئی

پاکستان نے گروپ مرحلے میں 4 میں سے 2 میچز میں کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم نے ایشین گیمز میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ملائیشیا کو 22-65 سے شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں نیپال کے خلاف 43-58 سے کامیابی حاصل کی۔

تاہم تھائی لینڈ کے خلاف تیسرے گروپ میچ میں پاکستان کو 48-45 سے شکست ہوئی، جس کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کی پوزیشن پیچیدہ ہوگئی، آخری گروپ میچ میں ایران کے خلاف 51-30 کی شکست نے پاکستان کی مہم کا خاتمہ کردیا۔

کبڈی 1990 سے ایشین گیمز کا مستقل حصہ ہے اور پاکستان نے اس سے قبل ایونٹ کے ہر ایڈیشن میں مینز کبڈی میں کم از کم ایک تمغہ حاصل کیا تھا۔

پاکستان ایشین گیمز کی مینز کبڈی میں اب تک مجموعی طور پر 9 تمغے جیت چکا ہے، جن میں 2 چاندی اور 7 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔

آئچی ناگویا ایشین گیمز میں گروپ مرحلے سے اخراج کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ مینز کبڈی میں تمغے کے بغیر ایونٹ سے باہر ہوا ہے، یوں قومی ٹیم کی ایشین گیمز کبڈی مہم پہلی بار بغیر میڈل کے اختتام پذیر ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp