اسحاق ڈار کی سنگاپور کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر گفتگو کی۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مسلسل رابطے اور اعلیٰ سطح کے باہمی دورے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات 17 اگست 1966 کو قائم ہوئے تھے اور رواں برس دونوں ممالک سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp