ایپل نے بچوں کے اکاؤنٹس کے حفاظتی فیچرز سمجھانے کے لیے ویڈیو جاری کردی

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایپل نے والدین کو بچوں کے اکاؤنٹس اور ان کے حفاظتی فیچرز استعمال کرنے کا طریقہ سمجھانے کے لیے نئی متحرک ویڈیو جاری کردی، جس میں آئی فون، آئی پیڈ اور میک پر بچوں کے اکاؤنٹس کے انتظام، ایپس کے استعمال، ویب براؤزنگ اور ڈیوائس استعمال کرنے کے دورانیے سے متعلق سہولیات کی وضاحت کی گئی ہے۔

ایپل نے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں بتایا ہے کہ بچوں کے لیے اکاؤنٹ بنانا اس کے حفاظتی نظام کی بنیادی کڑی ہے۔ اکاؤنٹ قائم کرنے کے بعد والدین بچوں کے مختلف آلات پر عمر کے مطابق پابندیاں عائد کرسکتے ہیں، جن میں ایپس تک رسائی اور ویب براؤزنگ کی اجازت بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل نے آئی او ایس 26.6 جاری کر دیا، سیکیورٹی اور کارکردگی مزید بہتر بنادی گئی

بچوں کا اکاؤنٹ فعال ہونے کے بعد والدین یہ طے کرسکتے ہیں کہ بچے کس قسم کی ایپس استعمال کرسکیں گے۔ ‘خریداری کی اجازت’ کے ذریعے والدین بچے کی جانب سے ایپ یا گیم ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے اس کی منظوری بھی دے سکتے ہیں۔

ویڈیو میں ‘براؤزنگ کی اجازت’ نامی نئے فیچر کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، جس کے ذریعے والدین بچوں کی ویب براؤزنگ کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔

ایپل کے مطابق والدین بچے کے نئے رابطوں کی بھی منظوری دے سکتے ہیں، تاکہ بچہ کسی نئے شخص کو پیغام بھیجنے یا فون کرنے سے پہلے والدین کی اجازت حاصل کرے۔

ویڈیو میں مواصلاتی تحفظ کے فیچر کی بھی وضاحت کی گئی ہے، جسے ایپل نے حساس مواد کی نشاندہی کے لیے مزید وسعت دی ہے۔ اس کے علاوہ والدین کے لیے وقت کی حد اور شیڈول مقرر کرنے کی سہولت بھی موجود ہے، جس کے ذریعے روزانہ ڈیوائس استعمال کرنے کی حد یا مخصوص اوقات میں ڈیوائس کے استعمال پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: والدین کے لیے بڑی راحت، اب بچے فیس بک، انسٹاگرام استعمال نہیں کر سکیں گے

ایپل کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کا انداز سادہ اشکال اور متحرک خاکوں پر مبنی ہے، جو کمپنی کی 2013 کی ‘انٹینشن’ ویڈیو سے مشابہت رکھتا ہے، جو اس سال کی عالمی ڈویلپرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں پیش کی گئی تھی۔

یہ نئی ویڈیو آئی او ایس 27، آئی پیڈ او ایس 27 اور میک او ایس 27 کی ریلیز کے بعد سامنے آئی ہے، جن میں ایپل نے والدین کے لیے بچوں کے تحفظ اور نگرانی سے متعلق متعدد نئی سہولیات شامل کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp