شہزادہ ولیم اور ہیری کے درمیان ایک بار پھر ٹھن گئی، وجہ کیا بنی؟

اتوار 27 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی شہزادہ ولیم اور پرنس ہیری کے درمیان لیڈی ڈیانا کی 30 ویں برسی پر دستاویزی فلم کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ پرنس ہیری کے مبینہ منصوبوں نے دونوں بھائیوں کے درمیان برسوں سے جاری ناراضی کے بعد ’عارضی صلح‘ کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

دونوں شہزادے گزشتہ کئی سالوں سے ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کر رہے، تاہم انہوں نے اپنی آنجہانی والدہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اب تک ایک مہذب اور متوازن راستہ اپنایا ہوا تھا۔

لیکن اب شہزادہ ہیری کی جانب سے مبینہ طور پر ایک دستاویزی فلم بنانے کی خبروں نے شہزادہ ولیم کو چوکنا کر دیا ہے اور انہیں ایک نیا قدم اٹھانے پر مجبور کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہیری اور میگھن کی شاہی خاندان میں واپسی کی امیدوں پر پانی پھر گیا

برطانیہ کے شاہی امور کے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ جیسے جیسے لیڈی ڈیانا کی 30 ویں برسی قریب آ رہی ہے، دونوں بھائیوں کے درمیان موجود ’غیر یقینی صلح‘ ٹوٹنے کے دہانے پر ہے۔

شاہی ماہر رچرڈ پامر کے مطابق دونوں بھائی اپنی والدہ کو ’انتہائی بامعنی انداز‘ میں خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔

دستاویزی فلم کی پیشکش اور شہزادہ ولیم کا انکار

برطانوی اخبار ’دی سنڈے ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کی جانب سے شہزادہ ولیم کو ایک دستاویزی فلم بنانے کی پیشکش کی گئی تھی، جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔

رچرڈ پامر کا مزید کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب شہزادہ ولیم اس بات کی سختی سے مذمت کرتے تھے کہ والدہ کی میراث کو آگے بڑھانے کے معاملے پر دونوں بھائیوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کیا جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شہزادہ ہیری ایک دستاویزی فلم کے لیے اپنی والدہ کے قریبی دوستوں سے رابطے کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:شہزادی ڈیانا سے شہزادہ ہیری تک، جب شاہی رازوں سے پردہ اٹھنے پر دنیا حیران رہ گئی

اس معاملے کو اس وقت مزید تقویت ملی جب چارلس سپینسر نے اشارہ دیا کہ ان کا بھتیجا ایک فلم بنانا چاہتا ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ فلم کون سی ہوگی۔

مستقبل کے خدشات

شاہی ماہر جینی بانڈ کا ماننا ہے کہ دستاویزی فلم کا یہ منصوبہ ایک خطرناک قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیری کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ جس طرح چاہیں اپنی والدہ کی برسی منائیں۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ دنیا ڈیانا کے بارے میں ایک اور دستاویزی فلم دیکھنا پسند کرے گی، جو کبھی دنیا کی مشہور ترین خاتون تھیں اور آج بھی کئی لوگوں کے لیے ایک آئیکون ہیں۔‘

جینی بانڈ کے مطابق اگر ہیری یہ فلم ریلیز کرتے ہیں تو ولیم اپنی ’باوقار خاموشی‘ برقرار رکھیں گے، بالکل ویسے ہی جیسے انہوں نے گزشتہ چند سالوں کی تمام تر تلخیوں اور ارل سپینسر کی کتاب میں کیے گئے اشتعال انگیز دعوؤں پر رکھی ہے۔

تاہم ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اس دستاویزی فلم سے دونوں بھائیوں کے درمیان خلیج مزید گہری ہو جائے گی، اور یہ ایک ایسا نتیجہ ہوگا جو لیڈی ڈیانا نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں چاہا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp