پنجاب: کتابی بوجھ 25 فیصد کم، اے آئی نصاب اور اساتذہ کی مینٹل ہیلتھ ٹریننگ کا فیصلہ

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی نفسیاتی معاونت کے لیے صوبے میں پہلی بار مینٹل ہیلتھ ٹریننگ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ہوا، جس میں اسکول ایجوکیشن کے نئے نصاب کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: محکمہ تعلیم پنجاب کا بڑا فیصلہ، اساتذہ کا کنوینس الاؤنس برقرار رکھنے کی ہدایت

حکومت کا مؤقف ہے کہ اساتذہ خود دباؤ، کلاس روم کے تناؤ اور بچوں کے رویوں سے نمٹتے ہیں، اس لیے پہلے استاد کی نفسیاتی تیاری ضروری ہے۔

ٹریننگ کا مقصد اساتذہ کو بچوں کی جذباتی اور نفسیاتی ضروریات کو سمجھنے، شدت پسند رویہ اختیار کو روکنے اور جسمانی سزا کے بجائے مثبت ڈسپلن اپنانے پر تیار کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ مار پیٹ کا واقعہ بچے کی زندگی پر تاحیات اثر ڈالتا ہے۔ اسی لیے جسمانی سزا روکنے کے لیے قانون سازی پر اتفاق کرنا ہوگا اور کلاس روم میں ڈسپلن کارنر قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اجلاس میں یہ فریم ورک بھی طے ہوا کہ ہر ضلع میں وزیٹنگ فیکلٹی سائیکالوجسٹ تعینات کیا جائے گا تاکہ اساتذہ اور طلبہ دونوں کو پیشہ ورانہ رہنمائی ملے، جبکہ طلبہ کے لیے آن لائن کونسلنگ کا نظام بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ہفتہ کا دن صوبے بھر میں اساتذہ کی تربیت کے لیے مختص کیا گیا ہے، جبکہ نئی کتابوں کے مصنفین خود اساتذہ کو نئے نصاب کی ٹریننگ دیں گے۔

نئے نصاب کے تحت کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم ہوگا، ہر کتاب پر کیو آر کوڈ سے ویڈیو سبق دستیاب ہوگا، اور کلاس ایک سے بارہویں تک اے آئی نصاب تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ وسائل کی کمی نہیں، غیر ضروری چیز کو روکنا ہوگا، پرائمری اسکولوں پر فوکس کرنا ہوگا اور اے آئی کے ساتھ لیبز بھی بنائی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: ’پیف‘ اسکولوں کے نتائج سرکاری اداروں سے بہتر ہیں، وزیر تعلیم پنجاب کا اساتذہ کے لیے بڑا اعلان

12 اضلاع کی 31 تحصیلوں میں 35 ہزار اساتذہ کی انگلش ٹریننگ پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ نصابی کتب کی پرنٹنگ مارچ سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp