نیشنز لیگ: آئرلینڈ کے ہاتھوں اسرائیل کو بدترین شکست، آئرش کھلاڑیوں کا غزہ کے شہدا سے اظہار یکجہتی

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنز لیگ کے میچ میں آئرلینڈ نے اسرائیل کو 3-0 سے شکست دے دی۔ ہنگری کے شہر دیبرسن میں کھیلا گیا میچ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے باعث غیر معمولی اور افسردہ ماحول میں ہوا، جہاں آئرش کھلاڑیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ اسرائیلی قومی ترانے کے دوران کھلاڑیوں نے سر بھی جھکائے رکھا۔

میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے روایتی مصافحہ نہیں کیا اور نہ ہی ایک دوسرے کو روایتی یادگاری جھنڈے پیش کیے۔ تقریباً خالی اسٹیڈیم میں آئرلینڈ نے ابتدائی 25 منٹ میں ہی 3 گول کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ ٹرائے پیروٹ نے 14ویں منٹ میں گول کرنے کے بعد ہاتھوں سے دل کا نشان بنایا، جبکہ جیک موئلان نے تیسرا گول کرنے کے بعد آئرش جرسی پر بنے بیج اور سیاہ پٹی کو چوما۔

اسرائیل کے وزیر خارجہ گیڈون سار نے آئرش کھلاڑیوں کے طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے آئرلینڈ کو ’تاریخ کے غلط رخ پر‘ قرار دیا۔

ایکس پر جاری طویل بیان میں انہوں نے 1939 میں جرمنی کے خلاف میچ سے قبل آئرش ٹیم کی جانب سے نازی سلیوٹ کرنے، دوسری جنگِ عظیم کے دوران آئرلینڈ کی غیر جانب داری اور ایڈولف ہٹلر کی موت پر اس وقت کے آئرش وزیر اعظم ایمون ڈی ویلیرا کی جانب سے جرمن نمائندے سے تعزیت کا بھی حوالہ دیا۔

رواں ہفتے آئرلینڈ میں اسرائیل کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کے مطالبات بھی سامنے آئے، تاہم آئرش کھلاڑیوں کی اکثریت میچ کھیلنے کے حق میں نظر آئی۔ صرف گول کیپر گیون بازونو نے شرکت سے معذرت کی اور کہا کہ غزہ میں بے گناہ لوگوں کی ہلاکت کے باعث اس میچ اور 4 اکتوبر کو سربیا میں ہونے والے مقابلے میں شرکت کرنا درست نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ آئرلینڈ طویل عرصے سے فلسطینی کاز کی حمایت کرتا آیا ہے اور 2024 میں اسپین اور ناروے کے ساتھ فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرچکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp