راولپنڈی میں خوفناک حادثہ، کار موٹر سائیکل گھسیٹتی رہی، سوار جان بچانے کے لیے گاڑی کی چھت پر چڑھ گیا

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی میں مری روڈ کے قریب رات کے وقت پیش آنے والے مبینہ ٹریفک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک سیاہ رنگ کی لگژری کار موٹر سائیکل کو سڑک پر گھسیٹتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار کے آگے ایک موٹر سائیکل پھنسی ہوئی ہے، جسے گاڑی سڑک پر گھسیٹ رہی ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار بھی کار کے اوپر موجود دکھائی دیتا ہے۔

ویڈیو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کار نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے بعد موٹر سائیکل گاڑی کے نیچے پھنس گئی جبکہ موٹر سائیکل سوار مبینہ طور پر شدید چوٹ سے بچنے کے لیے گاڑی کی چھت پر جا پہنچا۔

واقعے کی ویڈیو میں گاڑی کو سڑک پر چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجوہات، ڈرائیور کی شناخت اور موٹر سائیکل سوار کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

واقعے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین میں تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ متعلقہ حکام ویڈیو کا نوٹس لے کر واقعے کی تحقیقات کریں اور حقائق سامنے لائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع کے بعد پولیس  نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کو ٹریس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp