پاکستان کے معروف ڈیجیٹل کریئیٹر ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی ایک نئی ویڈیو کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔
عروب جتوئی نے حال ہی میں اپنے منی وی لاگ میں ایک دن کے دوران ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا چیلنج کیا جس کے دوران انہوں نے لگژری ریسٹورنٹ میں کھانے، جدید ترین آئی فون اور مہنگے سونے کے زیورات سمیت مختلف اشیا کی خریداری کی۔
عروب جتوئی کے مطابق چیلنج کا آغاز ایک لگژری ریسٹورنٹ سے ہوا، جہاں کھانے کا بل تقریباً 50 ہزار روپے آیا۔ بعد ازاں گاڑی خریدنے کی تجویز بھی سامنے آئی، تاہم انہوں نے یہ تجویز مسترد کردی اور اس کے بجائے تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کا جدید ترین آئی فون خرید لیا۔
View this post on Instagram
ویڈیو کے اگلے حصے میں عروب جتوئی ایک جیولری اسٹور پہنچیں جہاں انہوں نے سونے کے متعدد سیٹس اور چوڑیاں خریدیں۔ ان کے مطابق زیورات پر ڈسکاؤنٹ بھی دیا جا رہا تھا جس کے باعث چیلنج کے لیے مختص رقم کا بڑا حصہ زیورات کی خریداری پر خرچ ہوگیا۔ انہوں نے اسی دوران جیولرز کی جانب سے سونے کا ایک سیٹ بطور تحفہ ملنے کا بھی ذکر کیا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ بعض صارفین نے ایک دن میں اتنی بڑی رقم خرچ کرنے اور اسے سوشل میڈیا پر دکھانے پر تنقید کی جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ اپنی رقم خرچ کرنا الگ بات ہے، تاہم اس طرح کی آسائشوں کی نمائش سوشل میڈیا پر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: بچے بگڑ رہے ہیں تو والدین کہاں ہیں؟ یوٹیوبر ڈکی بھائی نے بڑا سوال اٹھا دیا
کچھ صارفین نے اس معاملے کو معاشرتی اور مذہبی تناظر میں بھی دیکھا اور کہا کہ ایسے وقت میں جب بہت سے لوگ بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، مہنگی خریداری کی نمائش حساسیت کا تقاضا کرتی ہے۔
سعدیہ مظہر لکھتی ہیں کہ ڈکی بھائی کی بیگم عروب جتوئی نے ایک کڑور روپے کی ایک روز میں شاپنگ کی اور اسے اپنے انسٹا پہ بھی لگایا۔ ادارے جاگ رہے ہیں کیا؟
کل ڈکی بھائی کی بیگم عروب جتوئ نے ایک کڑور روپے کی ایک روز میں شاپنگ کی اور اسے اپنے انسٹا پہ بھی لگایا۔
ادارے جاگ رہے ہیں کیا؟؟ pic.twitter.com/s1HeywbcFz
— Saddia Mazhar|سعدیہ مظہر (@SaddiaMazhar) September 26, 2026
دوسری جانب بعض صارفین نے اس تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر رقم ذاتی ہے تو اسے خرچ کرنا ان کا حق ہے، جبکہ وی لاگز کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی کی جانب بھی توجہ دلائی گئی۔
یوں ایک کروڑ روپے ایک دن میں خرچ کرنے کے چیلنج پر بنائی گئی عروب جتوئی کی ویڈیو نے ایک بار پھر ڈیجیٹل کریئیٹرز کی جانب سے دولت اور طرزِ زندگی کی نمائش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔














