مقبوضہ کشمیر: دریا کنارے خیموں میں زندگی گزارنے والے گجر بکر وال خاندان محفوظ رہائش سے محروم

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبوضہ جموں و کشمیر کے اضلاع پلوامہ اور شوپیاں میں سیکڑوں گجر، بکر وال خاندان اور مزدور آج کے دور میں بھی دریاؤں کے کنارے عارضی خیموں اور جھونپڑیوں میں رہنے پر مجبور ہیں، جہاں بارشوں اور اچانک سیلاب کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔

پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں محمد حسین خان نے رومشی نالے کے کنارے خیمہ لگا رکھا ہے، جہاں وہ کئی برس سے اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔

محمد حسین خان کے مطابق شدید بارشوں کے دوران نالے میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے لگتی ہے اور تیز بہاؤ کے باعث خیموں میں رہنے والے خاندانوں کو اچانک سیلاب کا خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، لیکن کسی نے بھی ان کی پروا نہیں کی اور نہ ہی انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا انتظام کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد مرتبہ پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوتے اور نالے کا بہاؤ تیز ہوتے دیکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے مقبوضہ کشمیر: پراسرار بیماری نے موت کا بازار گرم کردیا، طبی ماہرین ششدر

ایسی عارضی بستیاں دریائے جہلم کے اہم معاون دریا رمبیارا سمیت دیگر دریاؤں کے کنارے بھی قائم ہیں، جہاں دریا کے بہاؤ کے راستے کے انتہائی قریب تعمیرات کھڑی کر لی گئی ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق ان آبادیوں میں بڑی تعداد گجر اور بکر وال خاندانوں کی ہے، جو ایسے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں اچانک سیلاب، بادل پھٹنے اور پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافے کا خطرہ رہتا ہے۔

ایک مقامی رہائشی کا کہنا تھا کہ وہ کسی محفوظ مقام پر منتقل ہونا چاہتے ہیں۔ وہ دریا کنارے رہائش کے خطرات سے واقف ہیں، لیکن غربت اور متبادل رہائش نہ ہونے کے باعث یہاں رہنے کے سوا ان کے پاس کوئی راستہ نہیں۔

رہائشیوں کے مطابق ان کا روزگار موسمی مزدوری سے وابستہ ہے، جس کے باعث انہیں انہی علاقوں کے قریب رہنا پڑتا ہے، جبکہ دوسری جگہ زمین خریدنے یا کرائے پر گھر لینے کی ان میں استطاعت نہیں۔

یہ بھی پڑھیے بکروالوں کی سالانہ ہجرت: بقا کی جنگ یا روایت کا تسلسل؟

متاثرہ خاندانوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرے سے دوچار عارضی آبادیوں کی نشاندہی کرکے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ موسمی حالات میں شدت اور بار بار ہونے والی شدید بارشوں کے باعث عارضی رہائش کے لیے استعمال ہونے والے یہ مقامات اب ان کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp