خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
ٹانک پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک اہلکار معمول کی ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹانک عبدالسلام نے بتایا کہ ٹریفک پولیس اہلکار گاڑی میں ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ وزیرآباد کے علاقے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملہ ناکام، 12 خوارج ہلاک
پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس کی گاڑی وزیرآباد کے علاقے میں پہنچی تو نامعلوم مسلح افراد نے اسے نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 ٹریفک اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹانک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ روز جنوبی ضلع لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد نے کرکٹ کھیل کر واپس آنے والے مقامی کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 کھلاڑی جاں بحق ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے ٹانک: پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا، 5 اہلکار شہید
اس سے قبل ڈی آئی خان میں امن میلے کی چیک پوسٹ کو گزشتہ ہفتے نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 21 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس سے قبل کوہاٹ میں پرانے پولیس اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔














