پاکستانی اداکارہ حریم فاروق نے خوبصورتی کے روایتی معیار پر بات کرتے ہوئے مداحوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذات اور جسم کو قبول کریں اور خود سے محبت کرنا سیکھیں۔
حریم فاروق نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ کسی انسان کی خوبصورتی یا قدر کا تعین اس کی ظاہری شکل سے نہیں کیا جاسکتا۔
View this post on Instagram
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جسم پر موجود اسٹریچ مارکس، مہاسوں کے نشانات، بالوں کا جھڑنا یا وزن میں اضافہ کسی شخص کی خوبصورتی اور اہمیت کو کم نہیں کرتے۔ انسانی جسم وقت، ذہنی دباؤ، صدمے اور بیماری کے باعث مختلف تبدیلیوں سے گزرتا ہے، اس لیے کسی کو بھی ظاہری شکل و صورت کی بنیاد پر جانچنا درست نہیں۔
حریم فاروق نے کہا کہ انسان کی اصل اور گہری خوبصورتی اس کے دل میں موجود محبت، ذہانت، روح کی پاکیزگی، آنکھوں میں امید کی چمک، مشکلات کا سامنا کرنے کے حوصلے اور خود کو ہر روز پہلے سے بہتر بنانے کی خواہش میں پوشیدہ ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی شہزادہ آئے جو بگی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے جائے، حریم فاروق
انہوں نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ذات کو قبول کریں، خود کو اپنائیں اور اپنی شخصیت پر اعتماد رکھیں، کیونکہ یہی چیز انسان کو اندر اور باہر سے خوبصورت بناتی ہے۔ اداکارہ نے اپنے فالوورز سے اپیل کی کہ وہ اپنے جسم کے لیے شکر گزار رہیں، اس کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں اور صحت مند زندگی کی جانب سفر جاری رکھیں۔
حریم فاروق نے زور دیا کہ ہر شخص کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق حاصل ہے اور کسی کے جسم کو عوامی بحث یا دوسروں کے تبصروں کا موضوع نہیں بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو لباس، عمر، جسمانی تبدیلی، صحت یابی یا اپنی زندگی کے فیصلوں پر دوسروں کے مقرر کردہ معیار کے مطابق نہیں پرکھنا چاہیے، بلکہ ہر فرد کو اپنی زندگی اپنی شناخت اور مرضی کے مطابق گزارنے کی آزادی ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حریم فاروق پاکستانی ڈراموں کے اسکرپٹ کے بارے میں کیا کہتی ہیں؟
حریم فاروق ماضی میں بھی جسمانی ساخت پر ہونے والی تنقید کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ 2024 میں ڈرامہ ’بسمل‘ میں کردار کے لیے وزن کم کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے کریش ڈائٹ کے ذریعے وزن کم کرنے کے بجائے ایسا نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
حریم فاروق خود بھی ماضی میں جسمانی ساخت پر تنقید کا سامنا کرچکی ہیں۔ 2021 میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران اداکارہ فریال محمود کی جانب سے ان کے بارے میں کیا گیا نامناسب مذاق بھی زیرِ بحث آیا تھا۔
حریم فاروق ماضی میں صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے کے اپنے سفر اور صحت کو برقرار رکھنے کو ایک مثبت اور قابلِ قدر چیلنج قرار دینے کے حوالے سے بھی گفتگو کرچکی ہیں۔














