انٹربینک مارکیٹ میں پیر کے روز بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری کا تسلسل برقرار رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایک پیسہ بھی بہت ہے‘: امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جاری
کاروباری دن کے اختتام پر مقامی کرنسی 277.15 روپے پر بند ہوئی، جس سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.01 روپے (1 پیسہ) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گذشتہ ہفتے کے اختتام پر پاکستانی روپیہ 277.16 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا، جو اس سے ایک ہفتہ قبل کے 277.25 روپے کے مقابلے میں مجموعی طور پر 0.09 روپے (9 پیسے) کی بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔
امریکی ڈالر اور عالمی کرنسیاں
عالمی سطح پر امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ امریکی ڈالر 2 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہا جبکہ ڈالر انڈیکس 101.15 کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر میں 1.7 فیصد اضافے کی جانب گامزن ہے۔
یورو اور پاؤنڈ پر دباؤ: ڈالر کی مضبوطی کے باعث یورپی کرنسی یورو اور برطانوی پاؤنڈ دونوں میں 0.1 فیصد کی کمی دیکھی گئی جہاں یورو 1.1379 ڈالر اور پاؤنڈ 1.3232 ڈالر کی ملٹی منتھ کم ترین سطح کے قریب ٹریڈ ہوئے۔
امریکی معاشی اعداد و شمار اور شرح سود
تاجر اور سرمایہ کار اس ہفتے جاری ہونے والے اہم معاشی اعداد و شمار انڈیکس اور نان فارم پے رول کے منتظر ہیں۔ سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق، اکتوبر کے آخر میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کا امکان 65 فیصد پر موجود ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تنازع کے حل اور آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی امن پیشکش مسترد کیے جانے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 2 فیصد سے زائد بڑھ گئیں۔
مزید پڑھیے: آپریشن سندور کے بعد بھارتی روپیہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں تقریباً 12 فیصد گر گیا
برینٹ کروڈ 2.60 ڈالر (2.49فیصد) کے اضافے کے ساتھ 106.92 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 2.08 ڈالر (2.25فیصد) بڑھ کر 94.49 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔














